نیویارک کاٹن ایکسچینج میں جاری مندی کی لہر زبردست تیزی میں تبدیل ہونے سے پاکستان اور امریکا سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان

منگل 24 مارچ 2015 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) امریکی فیڈرل ریزرو بینک کی جانب سے مارک اپ کے شرح میں اضافہ نہ کرنے کے اعلان اور مثبت امریکی کاٹن ایکسپورٹس رپورٹ جاری ہونے کے بعد نیویارک کاٹن ایکسچینج میں تین ہفتوں سے جاری مندی کی لہر زبردست تیزی میں تبدیل ہونے سے پاکستان اور امریکا سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آیا اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران بھی پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان غالب رہے گا۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے میڈیا کو بتایا کہ امریکی ڈالر انڈیکس میں مسلسل اضافے کے رجحان کے باعث نیویارک کاٹن ایکسچینج میں پچھلے کافی عرصے سے روئی کی قیمتوں میں زبردست مندی کا رجحان دیکھا جا رہاتھا تاہم گزشتہ ہفتے کے دوران فیڈرل ریزرو بینک آف امریکا نے مارک اپ کی شرح 0.5 فیصد برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا جس کے باعث نیویارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کارجحان سامنے آنے سے اس کے اثرات دنیا بھر کی روئی کی منڈیوں پر بھی مرتب ہوئے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان غالب رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران جاری ہونے والی امریکی کاٹن ایکسپورٹس رپورٹ کے مطابق 13 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا کو روئی کی 2لاکھ 96 ہزار بیلز کے برآمدی آرڈرز موصول ہوئے جبکہ مذکورہ ہفتے کے دوران 2 لاکھ 38 ہزار روئی کی بیلز کی شپمنٹ بھی ہوئی۔احسان الحق نے بتایا کہ چین کی وزرات زراعت نے عندیہ دیا ہے کہ چین رواں سال کپاس کے کاشتکاروں کو دی جانے والی سبسڈی میں کمی کا اعلان کرنے والا ہے اور چینی وزارت زراعت نے اپنے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رواں سال کپاس کی کاشت کم کر کے دیگرفصلات کی کاشت میں اضافہ کرے جس سے خدشہ ہے کہ چین بھی رواں سال کپاس کی کاشت میں پچھلے سال کے مقابلے میں 15 فیصد سے زائد کمی واقع ہو سکتی ہے جس کے باعث دنیا بھر میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے والے ملک کا اعزاز بھارت کو ملنا اب یقینی سمجھا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران جاری ہونے والی کاٹن رپورٹ کے مطابق 15مارچ تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 1 کروڑ 47 لاکھ 86 ہزار بیلز کے برابر پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچ چکی ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ 2014-15ء کے دوران روئی کی پیداوار 1 کروڑ 49 لاکھ بیلز کے برابر ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :