خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نان اوپیک ممالک کو تعاون کرنا ہوگا،؛سعودی عرب

منگل 24 مارچ 2015 17:29

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء)سعودی عرب نے کہا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نان اوپیک ممالک کو تعاون کرنا ہوگا، اوپیک کا تیل کی عالمی پیداوار میں حصہ صرف 30فیصد ہے، اس لیے ہم اکیلے اس کی ذمے داری نہیں لے سکتے، تیل قیمتوں میں بہتری کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، ہم نئے کلائنٹ کو خام تیل کی سپلائی دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سعودی وزیرتیل علی النعیمی نے ایک بیان میں کیا۔ انھوں نے زور دیا کہ اوپیک سے باہر تیل کے پیداواری ممالک کو خام تیل کی گرتی قیمتوں کو سنبھالنے کے لیے لازمی طور پر تعاون کرنا ہوگا، ہم اکیلے ذمے داری لینے سے انکار کرتے ہیں کیونکہ تیل کی عالمی پیداوار میں اوپیک کا حصہ صرف 30 فیصد ہے جبکہ 70 فیصد اوپیک سے باہر دیگر ممالک کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ خام تیل کی قیمتیں جون2014 سے اب تک 60فیصد کم ہوچکی ہیں، قیمتوں میں رواں ماہ بہتری آنا شروع ہوئی تھی مگر اب پھرسے کمی ہو رہی ہے۔علی النعیمی نے کہاکہ آج صورتحال مشکل ہے، ہم نے کوشش کی، ہم نے نان اوپیک ممالک سے بات کی مگر ہم کامیاب نہیں ہوسکے کیونکہ ان کا اصرار ہے کہ اوپیک اکیلے ذمے داری لے، خام تیل کی قیمتوں میں بہتری کے لیے سب کو کام کرنا ہوگا کیونکہ یہ سب کے مفاد میں ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے پاس کسی بھی نئے کلائنٹ کو کروڈ کی سپلائی دینے کی صلاحیت موجود ہے، سعودی عرب کو نئے آئل پروڈیوسرز کی اوپیک میں شمولیت پر بھی اعتراض نہیں، کئی ممالک نے ماضی میں اوپیک کی رکنیت حاصل کرنے کی دعوت ٹھکرائی۔ انھوں نے خلیجی ممالک کی تیل پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ مارکیٹ کو مستحکم بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم کسی کے خلاف نہیں ہم مارکیٹ میں استحکام اور طلب ورسد کے درمیان توازن کے حامی ہیں۔