صادق آباد،ریلوے اسٹیشن کے قریب لنڈابازار میں آتشزدگی ،کروڑ وں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر

منگل 24 مارچ 2015 17:08

صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) ریلوے اسٹیشن صادق آبادکے قریب لنڈابازار میں آتشزدگی کی واردات ‘ کروڑ وں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا‘ سینکڑوں دکانیں متاثر مقامی انتظامیہ اور تحصیل کونسل کے فائر بریگیڈ 2گھنٹے تک جائے وقوقہ پر نہ پہنچ سکے ‘ آگ مسلسل 6گھنٹے تک لگی رہی انتظامیہ سوئی رہی جبکہ دکاندار اور شہری اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پاتے رہے ‘ریسکیو 1122‘ فوجی فرٹیلائزر کمپنی ‘ فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کر دیں‘ شاپنگ سینٹر کی مزید 426دکانوں کو آگ لگنے سے بچا لیا گیا ‘ مشتعل مظاہرین کا ریلوے ٹریک پر احتجاجی مظاہرہ زبردستی ٹرینیں رکوا لیں جبکہ گڈ ز ٹرینوں پر پتھراؤ کیا آگ کے بڑے بڑے شعلوں سے شہر بھر میں دھواں چھا گیا ‘ سینکڑوں دکاندار بے روزگار ہو گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق گزشتہ روز صبح تقریبا 4بجے اچانک ریلوے اسٹیشن کیساتھ واقع لنڈا بازار میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے لنڈا بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آگ کے بڑے بڑے شعلے آسمان کی طرف بلند ہونے لگے جس سے پورے شہر میں دھویں کے بادل چھا گئے جس کی فوری اطلاع تحصیل کونسل کے فائر بریگیڈ ‘ ریسکیو 1122‘ٹی ایم اے رحیم یارخان ‘ فاطمہ فرٹیلائزر اور فوجی فرٹیلائزر کو دی گئی تاہم تحصیل کونسل صادق آباد کے فائر بریگیڈ اطلاع ملنے کے دو گھنٹے تاخیر کیساتھ پہنچی جبکہ ریسکیو 1122کی فائربریگیڈ ز نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کر دیں اسی طرح فوجی فرٹیلائزر‘ فاطمہ فرٹیلائزر اور تحصیل کونسل رحیم یارخان کے فائر بریگیڈ نے بھی آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا مسلسل چھ گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اس طرح سینکڑوں دکانیں متاثر ہوئیں جبکہ کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا شاپنگ سینٹر کی 426دکانوں کو آگ لگنے سے بچا لیا گیا لنڈا بازار کے غریب محنت کش موقع پر دھاڑیں مار مار کر روتے رہے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہری بڑی تعداد میں پہنچ گئے جو اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف رہے مشتعل مظاہرین نے لنڈا بازار کیساتھ واقع ریلوے لائن پر احتجاج کرنا شروع کر دیا اور زبردستی ٹرینوں کو بھی روک لیا گیا مظاہرین گڈ ز ٹرین پر بھی پتھراؤ کرتے رہے لنڈا بازار میں لگنے والی آگ کے باعث ریلوے سگنل بھی متاثر ہوا جس پر تمام ٹرینیں اسٹیشن پر سٹاپ کر کے روانہ ہوتی رہیں ۔

ریسکیو 1122کے انچارج محمد عاشق‘ چیف وارڈن سول ڈیفنس محمد شفیق پپا ‘صدر انجمن شاپنگ سینٹر چوہدری صادق جاوید‘ حاجی خالد محمود سعیدی‘ میاں احسان الحق اسد‘ علامہ غلام فرید اویسی ودیگر موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد شکیل بھٹی کئی گھنٹے تاخیر کیساتھ لنڈا بازار میں پہنچے۔ اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے بتایاکہ مقامی انتظامیہ کو واقعہ کی بروقت اطلاع دیدی گئی تاہم انتظامیہ سوئی رہی اور دکاندار اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھاتے رہے انھوں نے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے واقعہ کا نوٹس لینے اور مالی امداد مہیا کرنیکا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :