شیعہ علماء کونسل ضلع وسطی کے رہنماوٴں کی علی مجتبیٰ جعفری پر قاتلانہ حملے کی مذمت

منگل 24 مارچ 2015 16:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) شیعہ علماء کونسل ضلع وسطی کے رہنماوٴں نے سید علی مجتبیٰ جعفری پر ہونیوالے قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ،سید علی مجتبیٰ جعفری جن پر گذشتہ دنوں بھینس کالونی لانڈھی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا ،لیکن وہ بال بال بچ گئے جس کی اطلاع سکھن پولیس اسٹیشن ضلع ملیر کو دیدی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

رہنماوٴں نے مزید کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے ملت جعفریہ دہشت گردوں کے نشانہ پر ہے لیکن حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ان رہنماوٴں نے مزید کہا کہ اب صبر کی انتہاء ہو چکی ہے شیعہ کارکنوں کو ہراساں کیا گیا تو ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جائیگا،حکومت اور ریاستی ادارے اس طرف توجہ دیں اور سید علی مجتبیٰ جعفری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔