آل کراچی تاجر اتحاد کاشہر میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کی بھرپور حمایت کا اعلان

منگل 24 مارچ 2015 16:32

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے شہر میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ اس اہم آپریشن میں پاکستان رینجرز اور سرکاری اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ انھوں نے آپریشن کے پہلے مرحلے میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گلیوں میں قبضے، پتھارے، بے قاعدہ پارکنگ اور تجاوزات کے مکمل خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی 40فیصد سے زائد سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ناجائز طور پر کاروبار ہورہا ہے، شہر میں ایک لاکھ سے زائد ناجائز پتھارے اور تجاوزات قائم ہوچکی ہیں جن سے پتھارہ مافیاکو یومیہ 5کروڑ روپے آمدنی حاصل ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو سٹی ٹاؤن اور صدر ٹاؤن کے علاقے کی مارکیٹوں میں تجاوزات کے خلاف شروع کیئے جانے والے آپریشن کے سلسلے میں پاکستان رینجرز 62ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل شاہد امیر خان کے دفتر میں بلائے گئے ایک اہم اجلاس کے موقع پر کیا، اجلاس میں تاجر نمائیندگان طارق ممتاز، محمد آصف، شیخ محمد عالم، سید شرافت علی،زبیر علی خان، عبدالقادر، دلشاد بخاری، عبدالحئی خان، نسیم احمد،محمد یوسف،سید حکیم شاہ اور دیگر موجود تھے، عتیق میر نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ دکانداران اپنی دکانوں کی حدود سے باہر کی گئیں ناجائز تعمیرات ازخود ختم کردیں اور اضافی فٹ پاتھیں سرکاری حدود میں لائی جائیں، انھوں نے کہا کہ ٹریفک رواں دواں ہوگی تو کاروبار کا پہیہ بھی چلے گا، تجاوزات کے نتیجے میں تنگ سڑکوں اور گلیوں نے کاروبارِ زندگی کو غیرمتحرّک کردیا ہے انھوں نے انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ عوام کو بے روزگاری سے بچانے کیلئے شہر میں پتھارہ زون کا قیام عمل میں لایا جائے،کم ٹریفک والے علاقوں میں ٹھیلوں، پتھاروں اور پارکنگ کے تحت نرمی اختیار کی جائے،انھوں نے تجاوزات کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے حکومت اور انسدادِ تجاوزات کے اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ پتھارہ مافیا کے گھناؤنے کاروبار کا قلع قمع کیا جائے،پتھاروں کی سرپرستی کرنے والی سرکاری اداروں کی کالی بھیڑوں کو ملازمت سے فارغ کیا جائے، تجاوزات کے سرپرستوں کی گرفتاری عمل میں لاکر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے،مخصوص اور اہم علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے کے بعد مستقل نگرانی کی جائے،اس موقع پر ونگ کمانڈر شاہد امیر خان نے تاجروں کو انسدادِ تجاوزات آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور راستوں پر رکاوٹیں اب برداشت نہیں کی جائینگی، تاجر اپنی دکانوں کی حدود میں کاروبار کریں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں سے اپنے سامان کا پھیلاؤ ختم کردیں، انھوں نے خبردار کیا کہ بے قاعدہ اور ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی پارکنگ کی بھی اجازت نہیں ہوگی،انھوں نے کہا کہ تجاوزات، پتھارے، بے قاعدہ اور غیرقانونی پارکنگ شہر میں جاری قیامِ امن کی کوششوں میں اہم رکاوٹ ہیں جن کے خاتمے کیلئے پاکستان رینجرز ذمے دار اداروں کی بھرپور مدد، رہنمائی اور سرپرستی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :