جائید اد منتقلی ٹیکس کی مد میں ٹی ایم اے جہلم میں 3کروڑ روپے کی بد عنوانی پکڑی گئی ،اہلکاروں کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمات

منگل 24 مارچ 2015 14:10

لاہور/جہلم ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف کے کرپشن سے پاک پنجاب کے ویژن کے مطابق سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جہلم کے مالی معاملات کی چھان بین کے دوران صرف ایک مالی سال میں جائیداد منتقلی ٹیکس کی مد میں تین کروڑروپے کی بدعنوانی پکڑی گئی ہے اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف مقدمات اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں درج کردیئے گئے ہیں جبکہ ٹی ایم اے سے کرپشن کا خاتمہ کر کے ایماندار اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

ان امر کا اظہار ڈی سی او جہلم ذوالفقاراحمد گھمن نے ٹی ایم اے کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی سی او ذوالفقاراحمد گھمن نے بتایا کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جہلم سے کرپشن کے خاتمے کے بعد پانچ سال سے پنشنوں سے محروم ٹی ایم اے کے 26 ریٹائرڈ ملازمین کو پنشنوں کی ادائیگی ممکن ہوسکی ہے اوربرسوں سے پنشن سے محروم ریٹائرڈ ملازمین کوان کے حق کی ادائیگی ٹی ایم اے کے مالی معاملا ت میں بہتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پانچ سال سے پنشن نہ ملنا انسانی المیہ بن چکا تھا اوربزرگ سائلین در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے تھے جنہیں شدید مالی مسائل اور ذہنی کرب کاسامنا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ایم اے میں ایماندار ملازمین کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے ریونیومیں اضافہ ہوا ہے۔ ذوالفقار احمد گھمن نے بتایا کہ 2008-09 میں ٹی ایم اے جہلم صرف جائیداد منتقلی ٹیکس کی مد میں چار کروڑ روپے جمع کرتی تھی جو بتدریج کم ہو کر ایک کروڑ دو لاکھ روپے رہ گئے- اس ہوشربا کرپشن کو روکنے کیلئے انکوائری کمیٹی بنائی گئی جس نے جائیداد منتقلی ٹیکس میں صرف ایک مالی سال میں تین کروڑروپے کی بدعنوانی پکڑی اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف مقدمات اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں درج کرائے گے۔

ڈی سی او جہلم ذولفقاراحمد گھمن نے کہاکہ انکوائری کمیٹی نے مالی سال 2014-15 میں جائیداد منتقلی ٹیکس میں دو کروڑ اسی لاکھ روپے کی کمی کی نشاندہی کی مگر ضلعی حکومت کے اقدامات سے کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے او ر انہوں نے کہاکہ جہلم کو ڈسٹ فری شہر بنایا جائیگا اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا اور اس کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے جہلم عمران رضا عباسی ، مختلف محکموں کے ضلعی افسران اور ٹی ایم اے کے ریٹائرڈ ملازمین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :