پاک قطرتجارت کاحجم300 ملین ڈالر سے بڑھانے کی ضرورت ہے ، قطرمیں ایک لاکھ پاکستانی ملازمت کررہے ہیں، پاکستانیوں کازرمبادلہ ملکی معیشت کیلئے اہم ہے،امیر قطر کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا، قطری سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، وزیراعظم نوازشریف کی امیر قطر سے ملاقات میں بات چیت ، ورلڈکپ کیلئے مزید افرادی قوت کی ضرورت پڑے گی ، پاکستان سے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں،پاکستان صرف قطر نہیں پورے خطے کیلئے انتہائی اہم ملک ہے، امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی ،پاکستان اور قطر کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ،دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے تین معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط،وزیراعظم امیر قطر اور قطری وفد کے اعزاز میں استقبالیہ ، وفاقی وزراء ، سروسز چیفس اور دیگر کی شرکت

پیر 23 مارچ 2015 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاک قطرتجارت کاحجم300 ملین ڈالرسالانہ ہے جس میں اضافے کی گنجائش موجود ہے ،قطرمیں ایک لاکھ پاکستانی ملازمت کررہے ہیں،پاکستانیوں کازرمبادلہ پاکستانی معیشت کیلئے اہم ہے۔پیر کو وزیراعظم نواز شریف سے امیرقطرشیخ تمیم بن حمادالثانی نے ون آن ون ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ پاک قطرتجارت کاحجم300 ملین ڈالرسالانہ ہے جس میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے ۔انھوں نے کہاکہ قطرمیں ایک لاکھ پاکستانی ملازمت کررہے ہیں جن کی طرف سے بھجوایا جانے والا زرمبادلہ پاکستانی معیشت کیلئے بہت اہم ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وہ اس سے توانائی ،تجارت،سرمایہ کاری ،دفاع اور افرادی قوت سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات ہیں ۔انھوں نے امیر قطر کو دنیا میں متحرک منزل دلانے میں کردار ادا کرنے کی تعریف کی ۔انھوں نے کہا کہ قطر کی ترقی نمایاں اور دوست ممالک کیلئے فخر کا باعث ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ میں آپ کے دورہ پاکستان کا اسطرح منتظر رہا جیسے ایک بھائی دوسرے بھائی کا انتظار کرتا ہے ۔وزیراعظم نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان 300 ملین ڈالر کو تجارتی حجم انتہائی کم ہے اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ قطر ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کا گھر ہے جن کا زرمبادلہ پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔انھوں نے کہاکہ اگر قطر پاکستانی افرادی قوت میں اضافہ کرتا ہے تو ہم اس اقدام کو سراہیں گے۔امیر قطر نے اس موقع پر اپنے ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہاکہ ورلڈکپ کیلئے مزید افرادی قوت کی ضرورت پڑے گی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں،پاکستان نہ صرف قطر بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہم ملک ہے ۔امیر قطر نے اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ انکے دورے سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی مزید راہیں کھلیں گی ۔انھوں نے کہاکہ پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں قطری سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دفاع اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا۔نوازشریف نے کہاکہ امیر قطر کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مختلف سطحوں پر وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ ملاقاتوں میں ہونیوالے فیصلوں پر بھی غور کرنے پر اتفاق کیا گیا ، ملاقات کے دوران امیر قطر اعلیٰ سطحی وفد کی سربراہی کررہے تھے جس میں وزراء ، چیئرمین قطر ایئر بیس اور سینئر سرکاری حکام شامل تھے ۔

وفود کی سطح پر ہونیوالے مذاکرات میں دونوں اطراف سے توانائی ، سرمایہ کاری ، تجارت ، دفاع اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس دوران علاقائی اور عالمی امور باہمی دلچسپی اور مختلف تحفظات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، وفود کی سطح پر ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تین معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ۔

ان میں ثقافت کے شعبے میں تعاون کا فروغ شامل ہے جس پر پاکستان کی طرف سے وزیراطلاعات و نشریات و ثقافت سینیٹر پرویز رشید نے جبکہ قطر کی طرف سے امور خارجہ کے وزیر خالد بن محمد العطیہ نے دستخط کیے ۔ نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی ایک مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے ، پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ جبکہ قطر کی طرف سے امور خارجہ کے وزیر خالد بن محمد العطیہ نے دستخط کیے ۔

تعلیم، اعلیٰ تعلیم ، سائنسی تحقیق برائے ثقافت ، سائنسی تکنیکی تعلیم اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ، پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ نے دستخط کیے بعد ازاں وزیراعظم نے امیر قطر کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا جس میں وفاقی وزراء سروسز چیفس ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتراز احسن ، قائد ایوان راجہ ظفر الحق ، قطری وفد کے ارکان اور قطری حکومت کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی ۔