وزیراعلیٰ پنجاب کا گلبرگ سے اغواء ہونے والی 3سالہ بچی کی بازیابی پر پولیس کیلئے نقد انعامات کا اعلان ، پولیس نے بروقت کارروائی کر کے فرض شناسی کا مظاہرہ کیاہے ،پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے ،شہبازشریف ،وزیراعلیٰ شہبازشریف کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں ہماری بچی بحفاظت دوبارہ ملی ہے ،بچی کا والد وسیم

پیر 23 مارچ 2015 21:16

وزیراعلیٰ پنجاب کا گلبرگ سے اغواء ہونے والی 3سالہ بچی کی بازیابی پر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گلبر گ سے اغواء ہونے والی 3سالہ بچی لائبہ کی فوری بازیابی پرانسپکٹر جنرل پولیس، ڈی آئی جی آپریشن اور متعلقہ پولیس پارٹی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے بچی کی بحفاظت بازیابی پر پولیس پارٹی کے لئے نقد انعامات کا اعلان کیاہے ،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آ ج یہاں گلبرگ سے اغواء اور بازیاب ہونے والی بچی اور اس کے والدین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پولیس پارٹی نے بروقت کارروائی کر کے بچی کو بازیاب کر ا کے فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ہے -پولیس کی بچی کو بحفاظت بازیاب کرانے کے حوالے سے کارکردگی قابل ستائش ہے-وزیراعلیٰ نے ڈی ایس پی او رایس ایچ او گلبرگ کے لئے تعریفی اسناد جبکہ اے ایس آئی تھانہ فیکٹری ایریا کے لئے 50ہزار روپے اور کانسٹیبلوں کے لئے25 ،25ہزارروپے نقد انعام کا اعلان کیا - وزیراعلیٰ نے بچی کی بحفاظت بازیابی پر بچی کے والد وسیم اور والدہ کو مبارکباد دی-بچی کے والد وسیم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہماری بچی کو بازیاب کرانے کے حوالے سے پولیس نے بھر پور تعاون کیا -الله تعالیٰ نے بہت کرم کیا ہے- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں ہماری بچی بحفاظت دوبارہ ملی ہے-ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری ، انسپکٹرجنرل پولیس، سیکرٹری اطلاعات ، ڈی آئی جی آپریشنز ،ڈی ایس پی گلبرگ ناصر محمود ،انسپکٹر گلبرگ ذوالفقار علی، اے ایس آئی شہبازاحمد، ہیڈکانسٹیبل محمد عمران، کانسٹیبل محمدکاظم اور اظہرعلی بھی اس موقع پر موجود تھے-واضح رہے کہ لائبہ گزشتہ رات نیشنل پارک گلبرگ سے اغواہوئی تھی، تھانہ فیکٹری ایریاکی حدود میں ناکے پررکشہ کی چیکنگ کے دوران بچی بازیاب ہوئی اور بچی کو اغوا کرنے والا ملزم گرفتارہوچکاہے۔