ڈاکٹرطاہر القادری نے کنٹونمنٹ انتخابات کیلئے 9رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر رحیق عباسی ہونگے،ہم خیال جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت،27مارچ تک امیدواروں کو درخواستیں جمع کروانے کا مراسلہ جاری،4صوبائی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں

پیر 23 مارچ 2015 20:45

ڈاکٹرطاہر القادری نے کنٹونمنٹ انتخابات کیلئے 9رکنی کمیٹی تشکیل دے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2015ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک بھر کے 42کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی الیکشن لڑنے کیلئے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کی سربراہی میں 9رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔مرکزی کمیٹی کو ہم خیال سیاسی و مذہبی جماعتوں سے تعاون کیلئے رابطوں کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے ۔

پیر کوکمیٹی نے متعلقہ انتخابی اضلاع کے صدور جنرل سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ 27 مارچ تک انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند اپنی درخواستیں مرکزی سیکرٹریٹ کو ارسال کر دیں امیدواروں کو کمیٹی کے ارکان سے رابطوں اور مشاورت کی ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔9رکنی مرکزی کمیٹی میں خرم نواز گنڈا پور،بشارت جسپال،شیخ زاہد فیاض،فیاض وڑائچ،ساجد بھٹی،راضیہ نوید،شعیب طاہر،نور اللہ صدیقی،عرفان یوسف شامل ہیں ،اس کے علاوہ 4صوبائی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے یہ ہدایات بھی دی ہیں کہ جہاں جہاں کنٹونمنٹ انتخابات ہو رہے ہیں وہاں وہاں مقامی تنظیم اور عہدیداران پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں اور مشاورت کے ساتھ امیدواروں کے نام فائنل کئے جائیں ۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے نکتہ آغاز کا کریڈٹ سپریم کورٹ آف پاکستان کو جاتا ہے ۔

اگر سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صرف حکومت کی طرف دیکھتی رہتی تو کبھی بلدیاتی الیکشن نہ ہوتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وسائل اور اختیارات کی مرکزیت کا خاتمہ چاہتی ہے۔اس حوالے سے بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ابتدا ہے اور اس حوالے سے پاکستان عوامی تحریک بھر پور حصہ لے گی،انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور مرکزی قائدین کو موثر حکمت عملی تشکیل دینے اور فعال کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔