7 سال بعد یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ پر بحالی ، پاکستان کے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں برتری کا ثبوت ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان دہشتگردی سے پاک ملک بن جائیگا ، فوجی پریڈ سے مسلح افواج اور قوم کے مورال میں مزید اضافہ اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بحال ہو گا،سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاع بارے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین مشاہد حسین ، روحیل اصغراور دفاعی ماہرین کا یوم پاکستان پریڈ کی بحالی پر رد عمل

پیر 23 مارچ 2015 19:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2015ء) دفاعی، سفارتی اور سیاسی ماہرین نے 7سال بعد 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر فوجی پریڈ اور صدر مملکت کی سلامتی کی تقریب کی بحالی پر وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زبردست ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ تقریب کے انعقاد سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں برتری حاصل کی ہے اور وہ دن زیادہ دور نہیں جب پاکستان دورہ امن و امن کے حوالے سے دنیا میں ایک مثالی ملک گردانا جائے گا۔

سینیٹ کی ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ23مارچ کو فوجی پریڈ کی تقریب کے انعقاد سے افواج پاکستان اور قوم کے مورال میں مزید اضافہ ہو گا اور عالمی سطح پر ملک کی ساکھ اور وقار بحال ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کا کریڈٹ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف کو جاتا ہے جنہوں نے نا مساعد حالات میں آپریشن ضرب عضب کرنے کا فیصلہ کیا اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی، جس کی وجہ سے آج قوم یہ دن دیکھ سکی۔

سابق سیکرٹری خارجہ اکرم ذکی نے کہا کہ 7سال بعد قوم نے ایک اچھا دن دیکھا جب پاکستان نے اپنی بھرپور فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا اور اقوام عالم پر واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کی جنگ میں سرخرو ہو کر نکلا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ یہ نواز شریف اور آرمی چیف کی جرات مندی سے 7سال بعد اس قومی تقریب کا انعقاد یقینی بنایا۔ نواز شریف نے قوم کو ایٹم بم کے دھماکے کا تحفہ دیا، اب 23مارچ کی تقریب بحال کر کے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر فوجی قوت بن چکا ہے، جس کی طرف دنیا کی کوئی طاقت آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتی۔