دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنیوالے میجرگلفام حسین فوجی اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں سپردخاک

پیر 23 مارچ 2015 19:57

پاراچنار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مارچ۔2015ء) خیبرایجنسی میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے آپریشن خیبرٹو میں شہید پاک آرمی کے میجر کو عالمشیر گاؤں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ، نماز جنازہ میں سول اور فوجی حکام نے شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرایجنسی کے آپریشن ٹو میں شہید میجر 35 پنجاب رجمنٹ گلفام حسین طوری کو آبائی گاؤں عالم شیر میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔

نماز جنازہ میں بریگیڈیئر ندیم دپٹی کمانڈر نسیم ، کمانڈنٹ مقبول احمد ، کمانڈنٹ ٹل سکاؤنٹس سلیمان اور پولیٹیکل ایجنٹ کرم امجد علی خان نے بھی شرکت کی ۔ شہید کے والد علی حسنین نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرا یہ شہید بیٹا پہلے بھی کئی مرتبہ غازی رہا ہے ، ان کا بھائی کیپٹن بھی اس پاک سرزمین پر غازی کا مرتبہ حاصل کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

شہید گلفام طوری کی سات سال قبل شادی ہوئی تھی اور دو ماہ قبل ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوا ہے ، میرے جوان سپوت نے اس پاک دھرتی کیلئے اپنے سینے پر گولی کھا کر اپنی جان راہ حق میں پیش کردی ۔ انہوں نے کہا کہ شہید کے ساتھیوں کے سردھڑ سے جدا کردیئے گئے مگر وہ راہ حق سے نہیں ہٹے ۔ شہید کے والد نے بتایا کہ میرے 6 بیٹے اور ایک بیٹی ہے جن میں سے ایک بیٹے نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا ہے ۔