آپریشن ضرب عضب اور خیبر میں انتہائی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کو خیبر ایجنسی سے ملانے والے مستول پاس پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے ، دہشتگردوں کے افغانستان آمد ورفت کے تمام راستے بند کردیئے ہیں ، دہشتگردوں کو وزیرستان اور خیبرایجنسی کے وسطی علاقوں سے نکال دیا گیا ہے ، سیکیورٹی فوسز کی گرفت مزید مضبوط ہوگئی ،آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا آپریشنز کی تازہ ترین صورتحال بارے ٹویٹ

پیر 23 مارچ 2015 19:57

آپریشن ضرب عضب اور خیبر میں انتہائی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، سیکیورٹی ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2015ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور خیبر میں انتہائی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کو خیبر ایجنسی سے ملانے والے مستول پاس پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور دہشتگردوں کے افغانستان آمد ورفت کے تمام راستے بند کردیئے ہیں ، ٹھکانوں پر بمباری میں دہشت گردوں کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے اور ان کو شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی کے وسطی علاقوں سے نکال دیا گیا ہے ، سیکیورٹی فوسز کی گرفت مزید مضبوط ہوگئی ہے ۔

پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور خیبر ون، ٹو کامیابی سے جاری ہے، گزشتہ شب سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد کے قریبی علاقے میں دہشت گردوں کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنا کر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرحد سے مسلح خیبر کے علاقے میں دہشت گردوں کے زیر استعمال مستول پاس پر سیکیورٹی فورسز نے کنٹرول کرلیا ہے، اس پاس کو دہشت گرد افغانستان میں داخل ہونے کیلئے استعمال کرتے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی کے سوخ اور وسطی علاقوں سے دہشت گردوں کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں اور ان کو وہاں سے نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو آپریشن سے بڑا دھچکا لگا ہے اور انہیں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی گرفت مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے فرار کے تمام راستے بند کئے جا رہے ہیں۔