قرارداد پاکستان اور روداد قیام پاکستان ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، تاریخ کو جھٹلایا یا مٹایا نہیں جا سکتا‘سردار شیر علی گورچانی

پیر 23 مارچ 2015 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء ) قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا ہے کہ قرارداد پاکستان اور روداد قیام پاکستان ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، تاریخ کو جھٹلایا یا مٹایا نہیں جا سکتا،سات سال کے وقفہ سے یوم پاکستان کی پریڈ دہشت گردوں کیلئے انکی شکست کا پیغام ہے جس سے افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کا مورال دنیا بھر میں بلند ہوا۔

یوم پاکستان کے موقع جاری بیان میں انہوں نے کہا 23مارچ کا دن ہمیں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی اس عظیم جدوجہد کی یاددلاتا ہے جوانہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے الگ مملکت کے قیام کیلئے کی، 23مارچ1940کو مینار پاکستان پر مسلمانوں کیلئے الگ مملکت کے قیام کی جو قرارداد منظور کی گئی اس کے نتیجہ میں ہی ہمیں 14،اگست1947کو آزادی میسر آئی اور پاکستان وجود میں آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں روشن اور پر امن پاکستان کی تعمیر کیلئے افکار قائد اور قرارداد پاکستان کو مشعل راہ بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان جہاں تجدید عہد کا دن ہے وہاں ہمارے لئے یوم احتساب بھی ہے اور اس دن ہمیں جائزہ لینا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنانے کے لئے جو خواب دیکھا ہم اس حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب ہوئے یانہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد قائداعظم نے کہا تھا یہاں کوئی عیسائی ، سکھ ، ہندہ یا مسلمان نہیں بلکہ سب پاکستانی ہیں اور ہم نے ایک قوم کے طور پر کام کر کے ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرنا ہے۔

دنیا کی کوئی قوم جب خواب دیکھنے کی صلاحیت کھو دیتی ہے تو اسے کامیابی حاصل نہیں ہوتی اورہر کامیابی کے پیچھے ایک سہانا خواب ہوتا ہے جس کے بغیر کوئی کامیابی نہیں ہوتی ۔

متعلقہ عنوان :