ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے یوم پاکستان کے موقع پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے قائد اعظم کے مزار پر چادر چڑھائی

پیر 23 مارچ 2015 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے یوم پاکستان کے موقع پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی عظیم خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کرتے ہوئے ان کے مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی اس موقع پر ان کے ہمراہ میٹروپولیٹن کمشنر مسعود عالم ، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن رضا عباس رضوی، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ بشیر سدوزئی اور دیگر افسران بھی موجود تھے بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرونے کہا کہ آج کا دن ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے 23مارچ 1940ء کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی منزل کاتعین کیااور اس تناظر میں کی جانے والی جدوجہد کے نتیجے میں آج ہم ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے شہری ہیں انہوں نے کہا کہ قائدین کی جدوجہد اور قربانیوں سے حاصل ہونے والے اس ملک کی خدمت کے لئے ہم سرسبز ، پاک صاف اور پرامن پاکستان کیلئے جدوجہد کریں انہوں نے کراچی کے شہریوں سے کہا کہ آج کے دن وہ عہد کریں کہ کراچی کو سرسبز ،صاف ستھرااور پر امن شہر بنانے کیلئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے گا اور سرکاری اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہرمیں جاری سرسبز مہم کے دوران 50ہزار سے زائد پودے لگارہی ہے اور اب تک ہم 20ہزار پودے لگاچکے ہیں شہر میں صفائی ستھرائی کی مہم تیزی سے جاری ہے اور صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن اس مہم کی خود نگرانی اور مانیٹرنگ کررہے ہیں کراچی کے شہری اس میں عملی تعاون کریں۔