یوم قرارداد پاکستان ہماری تاریخی اساس ہے ، ملک اسد سکندر

پیر 23 مارچ 2015 17:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور رُکن قومی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوم قرارداد پاکستان ہماری تاریخی اساس ہے ، یہ دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنے کا درس دیتا ہے کہ ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے تمام تر گروہی ، سیاسی اور دیگر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی تعمیروترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور ہی ملک کی ترقی ،خوشحالی اور اس کا استحکام ہے۔ پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور یہ قربانیاں ثابت کرتی ہیں کہ پیپلزپارٹی نظریہ پاکستان سے کس قدر محبت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم سب کو مل کر عہد کرنا چاہئے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے جمہوری قوتوں کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ فوجی حکومتوں کے دور میں ملک کو جو نقصان پہنچا اس کی تلافی آج تک نہیں ہوسکی ۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں ملک کو پہنچنے والے اس نقصان کی تلافی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ۔ شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت اور مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے آج ملک میں جمہوریت کا سورج عروج پر ہے اور انشاء اللہ جمہوریت کا یہ سورج تاقیامت چمکتا رہے گا۔

رُکن قومی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر خان نے مزید کہاکہ پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت اور ان کی پالیسیوں پر سندھ حکومت عمل پیرا ہے جس کی وجہ سے صوبہ سندھ میں ترقی وخوشحالی آرہی ہے، پی پی شہیدوں کی جماعت ہے جو ملک میں مزید مضبوط اور مقبولیت حاصل کرچکی ہے، پی پی کے دور اقتدار میں بیروزگاری میں خاتمہ، لوڈشیڈنگ میں کمی اور غربت کے خاتمے کیلئے کئی منصوبے ترتیب دیئے گئے تھے جس سے ملک میں خوشحالی اور ترقی اور غربت کے خاتمے میں کمی آئی ہے ، اب موجودہ وفاقی حکومت بھی آصف علی زرداری کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوتاکہ ملک خوشحالی اور ترقی کی جانب گامزن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :