سکیورٹی خدشات کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایے کا انخلاء جاری

پیر 23 مارچ 2015 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء)سکیورٹی خدشات کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر پاکستانی مارکیٹوں سے سرمائے کا انخلاء جاری ہے رواں ماہ مارچ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے 5کروڑڈالرسے زائد کا سرمایہ نکال لیا ہے جبکہ رواں سال یکم جنوری سے مارچ تک غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستانی اسٹاک مارکیٹوں سے 11کروڑڈالر سے زائد سرمائے کا انخلاء کیا ہے۔

نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے دوسرے ہفتے کے دوران غیرملکیوں نے اسٹاک مارکیٹ سے2 کروڑ 84لاکھ89ہزار ڈالر نکال لیے تھے جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران بھی غیر ملکیوں نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ سے 2کروڑ39 لاکھ49ہزار ڈالر نکال لیے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مارچ ابتدائی تین ہفتوں کے دوران غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ سے5کروڑ68لاکھ72ہزار ڈالر نکال چکے ہیں۔

نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 22مارچ تک پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے انخلا کا مجموعی حجم11کروڑ65لاکھ40ہزار ڈالر ہو گیا ہے جبکہ گزشتہ سال کے اس عرصے میں غیر ملکیوں نے اسٹاک مارکیٹ میں2کروڑ97لاکھ74ہزار ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی تھی،