ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے ملک اور عوام کو مزید زخم مت دو اورلڑائی چھوڑ دو تعلیم حاصل کر کے وہ اپنے آپ کو بہتر انسان بنائیں ، پاک عوام کے لئے ناپاک ہتھیاروں پھینکنے والوں کے لئے ہمارے پاس محبت کے سوا کچھ بھی نہیں،بلوچستان پاکستان کامستقبل اور اس کے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں،بلوچ نوجوان کسی نام نہادآزادی والے جھانسے میں نہ آئیں،کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کاسپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 22 مارچ 2015 19:43

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2015ء) کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں پر زور دیاہے کہ ملک اور عوام کو مزید زخم مت دو اورلڑائی چھوڑ دو تعلیم حاصل کر کے وہ اپنے آپ کو بہتر انسان بنائیں ۔ پاک عوام کے لئے ناپاک ہتھیاروں پھینکنے والوں کے لئے ہمارے پاس محبت کے سوا کچھ بھی نہیں،بلوچستان پاکستان کامستقبل اور اس کے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں،بلوچ نوجوان کسی نام نہادآزادی والے جھانسے میں نہ آئیں،پاکستان آزاد ریاست اور اس کاسب کچھ بلوچوں کا ہے،ہتھیار پھینک کرامن کا راستہ اختیار کرنے والے نوجوان خراج تحسین کے مستحق ہیں،ہمیں ملکی ترقی کے لئے دہشتگردی،انتہا پسندی اور رنگ و نسل کی تفریق کو ختم کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مطلب کیا ،لاالہ الا اللہ تو ہم سب اللہ کے کلمہ گو ہیں ، وطن عزیز میں ہم سب برابر ہیں ہمیں رنگ ، نسل ، فرقہ واریت اور اس سے نکلی دہشتگردی کو نہ صرف خیر باد کہنا ہے بلکہ لڑ کر اس کو ختم کرنا ہے اپنے پاک وطن اور صوبہ بلوچستان کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کرنا ہے ہم سب اللہ کے نام لیوا ہیں اسی کے ساتھ اپنا جینا اور مرنا منسوب کرتے ہیں ، ہم میں کوئی تفریق نہیں بلکہ پیدا کی گئی تفریق کو ختم کرنا ہے ، مجھے یقین ہے کہ ہم اپنی محبتوں سے اس تفریق کو ختم کر دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میں عوام کے ساتھ نوجوانوں کا شکر یہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ناپاک ہتھیار وں کو چھوڑ کر امن کا راستہ اختیار کیا جنہوں نے یہ طے کر لیا ہے کہ ہم تھوڑا کھالیں گے لیکن خون کی ہولی نہیں کھیلیں گے ہم غربت کی زندگی بسر کر لیں گے لیکن اپنے بہن بھائیوں کے خون سے اپنے ہاتھ نہیں رنگیں گے ، ہم اندھیروں کو دور کرنے کے لئے شمع جلائیں گے جس سے امن ومحبت کی روشنی پھیلے گی ، میں سلام کرتا ہوں جوانوں کو جنہوں نے تہیہ کر لیا ہے کہ دنیا کی لالچ چھوڑ کر اپنی آخرت سنواریں گے کیونکہ اپنے بہن بھائیوں کے خون سے رنگے ہاتھ لے کر اللہ اور رسول کے سامنے کس منہ سے کھڑے ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ اے پیارے نوجوانویقین کرو یہ وطن تمہارا ہے اور تم ہو پاسبان اس کے ، کس آزادی کے لئے لڑ رہے ہو ، آپ تو پہلے ہی سے آزاد ہیں جو قربانیاں اور خون دے کر پاکستان لینا تھا وہ پہلے ہم لے چکے ہیں یہ پاکستان آپ کے لئے لیا تھا اس کا چپہ چپہ آپ کا ہے ، آپ اپنے ہی چیز کے لئے مت لڑیں ، پاکستان بھی آپ کا ہے جن کو آپ مار رہے ہیں وہ بھی آپ کے ہیں اپنے آپ کو مت ماریں ،جو قربانیاں ہم پہلے دے چکے ہیں وہی کافی ہیں ابھی تک تو ان کے زخم بھی دھندلے نہیں ہوئے مزید زخم مت لگاؤچھوڑ دو لڑائی ، اس میں ماں باپ کے غموں ،دکھوں اور سسکیوں کے سوا کچھ نہیں بلکہ اپنے ماں باپ کو غموں اور دکھوں سے بچائیں ،تعلیم حاصل کریں ، اپنے آپ کو بہتر انسان بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاک عوام کے لئے ناپاک ہتھیاروں کے پھینکنے والوں کے لئے ہمارے پاس محبت کے سوا کچھ بھی نہیں ہے اللہ گواہ ہے پاک افواج آپ کے دم سے ہیں اور آپ سب سے بے پناہ محبت کرتی ہیں میں بلوچستان کی غیر ت مند ،عزت دار ،بہادر عوام اور پیارے پیارے بیٹوں اور بیٹیوں نے سپورٹس فیسٹیول میں شرکت کر کے اس کو چار چاند لگا دیئے ، بلوچستان اور خاص طور پر کوئٹہ کی فضاؤں میں محبتوں کے رنگ بکھیر دیئے ہیں ، اور یہ رنگ ہر سو پھیل گئے ہیں ، عوام کی محبتوں سے بلوچستان کی فضا معطر ہونے لگی ہے ، تارہ ہواکے جھونکے آنے لگے ہیں ، نوجوانوں کے دم سے بلوچستان میں امن کی فضا محسوس ہو رہی ہے ، امن اور امید کی کرنیں پھوٹنے لگی ہیں ، صبح کا سور ج پر امن دن اور ڈھلتا ہوا سورج اور پر سکون راتیں لانے لگا ہے، لوگوں نے سکھ کا سانس لینا شروع کیا ہے ،ہمیں اسی ماحول کو اتفاق کے ساتھ بہتر کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی غیرت مند عوام پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ، میں بلوچستان کے لوگوں کو اپنے دل کا حصہ بنا کر کہ کہنا چاہوں گا کہ آپ سب کے دم سے پاکستان ہے آپ اپنے وطن عزیز کا اصل سرمایہ ہیں آپ کسی سے کم نہیں نہ ہی آپ سے کوئی بڑھ کر ہے ، بلوچستان قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے، صوبہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے ، بلوچستان کے عوام پاکستان کی پہچان اور امید ہیں ،اگر پاکستان دل ہے تو آپ سب اس دل کی دھڑکن ہیں ، اگر پاکستان ایک آزاد ملک ہے تو آپ اس کے آزاد اور باعزت باشندے ہیں۔

متعلقہ عنوان :