سزا اورجزا کے موثر نظام کے ذریعے اداروں کی کارکردگی بڑھائی جا سکتی ہے‘شہبازشریف

4گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں محکموں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیاگیا پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیاہے،وژن کو عملی شکل دینے کیلئے محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے قوموں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کیلئے ٹھوس فیصلے او راقدامات اٹھانا پڑتے ہیں،اے سی آر سسٹم کو بھی بہتر بنانے کی ضرور ت ہے قائداعظم سولر پارک کا قیام اور 100میگا واٹ کے سولر منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل محنت اورجذبے سے کام کرنے کی اعلیٰ مثال ہے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

اتوار 22 مارچ 2015 16:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں محکموں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس 4گھنٹے تک جاری رہا جس میں ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے متعدد تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خدمات کی فراہمی کے نظام میں بہتری لانے کیلئے محکموں میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہیں ۔

قوموں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لئے ٹھوس فیصلے او راقدامات اٹھانا پڑتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سزا اورجزا کے موثر نظام کے ذریعے اداروں کی کارکردگی بڑھائی جا سکتی ہے ۔اے سی آر سسٹم کو بھی بہتر بنانے کی ضرور ت ہے ۔

(جاری ہے)

اے سی آر سسٹم کو بھی آئی ٹی بیسڈ ہونا چاہیے- پنجاب حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایسا نظام بنانے کی ضرورت ہے جس میں ادارے بہتر انداز میں عوام کو ریلیف فراہم کریں ۔وزیراعلیٰ نے اصلاحات کے حوالے سے 6رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے یہ کمیٹی 8روز میں ادارہ جاتی اصلاحات کے بارے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ کامیابی کے لئے وژن ،عملدرآمد ،کارکردگی اور انتھک کاوشیں ضروری ہیں-فرسودہ سسٹم کی بہتری کے لئے تیزی سے اقدامات اٹھانا ہوں گے - قائداعظم سولر پارک کا قیام اور 100میگا واٹ کے سولر منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل لگن ،محنت اورجذبے سے کام کرنے کی اعلیٰ مثال ہے- ملک و قوم کی ترقی کے لئے فرسودہ نظام میں بہتری لانے کا وقت آ گیا ہے - وژن کو عملی شکل دینے کے لئے اہلیت، محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے -انہوں نے کہاکہ بیوروکریسی کو عوام کی خدمت کو شعار بنانا چاہیے-چیئرمین واپڈا ظفرمحمودنے اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، رانا مشہود احمد خان ، اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثنا الله ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات اور مختلف محکموں کے سیکرٹری صاحبان کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :