بیگم نصرت بھٹو مثالی ہمت و جرأت والی شخصیت تھیں جنہوں نے متعدد چیلنجوں اور سانحات کا سامنا کیا ، جمہوریت کے لئے جدوجہد جاری رکھی، بیگم نصرت بھٹو نے جو ظلم اور امتیازی سلوک برداشت کیا، جمہوریت کی راہ میں جو قربانیاں دیں وہ جمہوریت کے لئے ایک چمکتا ہوا میڈل ہے

سابق صدر آصف علی زرداری کا بیگم نصرت بھٹو کی 86ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام

اتوار 22 مارچ 2015 16:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے مادرجمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 86ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو ایک مثالی ہمت و جرأت والی شخصیت تھیں جنہوں نے متعدد چیلنجوں اور سانحات کا سامنا کیا لیکن جمہوریت کے لئے جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے جو ظلم اور امتیازی سلوک برداشت کیا اور جمہوریت کی راہ میں جو قربانیاں دیں وہ جمہوریت کے لئے ایک چمکتا ہوا میڈل ہے۔

انہوں نے آگے بڑھ کر قیادت کرنے کی مثال قائم کی اور ان کی یہ مثال آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہوگی اور ان کی جمہوریت کے لئے جدوجہد آنے والی نسلوں کو اس راہ پر چلنے کے لئے ہمت مہیا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

بیگم نصرت بھٹو نہ صرف یہ کہ پاکستان کے پہلے براہِ راست منتخب وزیراعظم کی زوجہ تھیں بلکہ وہ مسلم دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم کی والدہ بھی تھیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ خود جمہوریت کی جدوجہد کی قیادت کرتی رہیں۔ ان کی 86ویں سالگرہ کے موقع پر ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اور اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ بیگم نصرت بھٹو نے جس مقصد کے لئے ساری عمر جدوجہد کی ہم بھی اس مقصد یعنی جمہوریت کے لئے خود کو وقف کردیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔