ملک بھر میں 75واں یوم پاکستان (کل ) ملی جوش وجذبہ سے منایا جائے گا

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 21 توپوں ، صوبائی دارالحکومت میں 19 توپوں کی سلامی سے ہوگا، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، عام تعطیل ہوگی ، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائیگا، وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی پریڈ کی تمام تیاریاں مکمل،جڑواں شہروں میں رات 12 سے(کل) 2 بجے تک ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی لگادی گئی

اتوار 22 مارچ 2015 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء ) ملک بھر میں 75واں یوم پاکستان (کل ) پیر کو ملی جوش وجذبہ سے منایا جائے گا، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 21 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 19 توپوں کی سلامی سے ہوگا، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، عام تعطیل ہوگی اور اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا، یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی پریڈ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ جڑواں شہروں میں رات 12 بجے سے(کل ) پیر کی دوپہر 2 بجے تک ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی لگادی گئی ۔

قوم پیر کو یوم پاکستان اس عزم کے ساتھ منارہی ہے کہ ملک کی خوشحالی اورستحکام کیلئے انتھک جدوجہد کی جائیگی۔

(جاری ہے)

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 21 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 19 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ کل عام تعطیل ہوگی اور اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔

مختلف سیاسی ،سماجی، مذہبی ، تعلیمی اور دوسری تنظیمیں تقاریب کا اہتمام کرینگی جن میں قرار دار پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد وطن کے قیام کی راہ ہموار کی۔ فوجی پریڈ (کل ) صبح فیض آباد انٹرچینج کے قریب نئے تعمیر کیے گئے پریڈ گراؤنڈ میں ہوگی۔23 مارچ کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوگا، صدر مملکت ممنون حسین مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے پریڈ کا معائنہ کریں گے۔

خواتین فوجیوں کا دستہ بھی پریڈ میں شریک ہوگا۔آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیل کاپٹرز پریڈ میں شریک ہوں گے۔پاک فضائیہ کے جدید طیارے خصوصاٍ جے ایف تھنڈر -17 طیارے پریڈ میں حصہ لیں گے ، ائر فورس کے طیاروں میں جدید ترین ایف 16 طیارے، ایف 7، ایف 7 پی جی اور دیگر جدید جہاز فلائی پاس کا مظاہرہ کریں گے۔فلائی پاس کی قیادت پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ائر چیف مارشل کریں گے۔

ایس ایس جی کے کمانڈوز پیرا ٹروپنگ کا مظاہرہ بھی کریں گے۔پریڈ میں چاروں صوبوں کی ثقافت اجاگر کرنے کیلئے فلوٹ ہوں گے، جن پر علاقائی رقص ثقافتی دھنیں بجائی جائیں گی۔یوم پاکستان کی ایک پروقار تقریب تیسرے پہر ایوان صدر میں ہوگی جس میں صدر ممنون حسین مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کی شاندار خدمات پر ایوارڈز اور تمغے دینگے۔

اس موقع پر ریڈیو پاکستان خصوصی پروگرام نشر کرے گا جبکہ اخبارات خصوصی ضمیمے شائع کرینگے۔پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ ”آئی ایس پی آر “ کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات 12 بجے سے (کل ) پیر کی دوپہر 2 بجے تک ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ایکسپریس ہائی وے بھی کل صبح6 بجے سے دن2 بجے تک بند رہے گی، اس شاہراہ پر صرف پرصرف پریڈ پر آنے والی گاڑیوں کو اجازت ہو گی دیگر ٹریفک کو کھنہ پل سے لہتڑار روڈ، راول ڈیم اور کشمیر ہائی وے کی جانب موڑدیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :