گر جا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ،عبادت کیلئے آنیوالوں کی جامع تلاشی

خود کش دھماکوں میں جاں بحق ہونیوالوں کیلئے خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،لمز یونیورسٹی کے طلبہ نے ہاتھوں کی زنجیر بنائی

اتوار 22 مارچ 2015 11:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء)سانحہ یوحنا آباد کے تناظر میں گزشتہ روز مسیحی عبادتگاہوں کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ،عبادت کیلئے آنے والوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے دیا گیا ،خود کش دھماکوں میں جاں بحق ہونیوالوں کیلئے خصوصی دعائیہ تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ اتوار کو یوحنا آباد میں چرچز کے باہر خود کش دھماکوں کے تناظر میں پولیس کی طرف سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں واقع مسیحیوں کی عبادتگاہوں کی سکیورٹی کے لئے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے ۔

اس سلسلہ میں چرچز کی طرف آنے والے راستوں پر پولیس نے ناکے لگا رکھے تھے۔چرچز کے مرکزی دروازوں اور چھتوں پر اہلکار اور سنائپرز تعینات رہے جبکہ ایلیٹ فورس کی گاڑیاں بھی اطراف میں گشت کرتی رہیں ۔

(جاری ہے)

چرچز کی انتظامیہ کی طرف سے اپنے طور پر بھی حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں سکیورٹی تعینات رکھی گئی ۔ گزشتہ اتوار خود کش حملوں کا نشانہ بننے والے کرائسٹ اور کیتھولک چرچز میں سخت سکیورٹی میں مذہبی عبادات کی ادائیگی کی گئی جبکہ اس موقع پر جاں بحق ہونے والوں کے رشتہ دار اور عزیز وا قارب اپنے پیاروں کے بچھڑنے پر آبدیدہ نظر آئے ۔

علاوہ ازیں مسیحی عبادتگاہوں میں خود کش دھماکوں میں جاں بحق ہونیوالوں کے لئے خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ لمز یونیورسٹی کے طلبہ کی طرف سے سانحہ یوحنا آباد کی یاد میں نولکھا چرچ میں ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور مسیحیوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔