سیاسی جماعتوں میں عسکری ونگز برداشت نہیں ہوسکتے،خورشید شاہ ،

دہشتگرد کسی بھی جماعت میں اسے پکڑنا ہوگا،فوج ہماری ہے،اس کی عزت کرنی چاہئے،بلاول بھٹو اور آصف زرداری میں کوئی اختلاف نہیں،سرکاری ٹی وی انٹرویو

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں عسکری ونگز برداشت نہیں ہوسکتے،دہشتگرد کسی بھی جماعت میں اسے پکڑنا ہوگا،فوج ہماری ہے،اس کی عزت کرنی چاہئے،بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری میں کوئی اختلاف نہیں،سرکاری ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کیلئے آپریشن کا مطالبہ سب سیاسی جماعتوں کا مطالبہ تھا،ایم کیو ایم نے بھی فوجی آپریشن کا مطالبہ کیا تھا،رینجرز انٹیلی جنس کی رپورٹ پر کارروائی کر رہی ہے۔

ادارے اپنا کام کر رہے ہیں ہمیں اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے،سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے،سیاسی جماعتوں میں عسکری ونگز برداشت نہیں ہوسکتے،دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ہورہا ہے،دہشتگرد کسی بھی جماعت میں ہوں اس کو پکڑنا چاہئے،ملک میں قیام امن کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رینجرز نے کئی مطلوبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہر قوم کے لوگ رہتے ہیں،کراچی معاشی حب ہے اس میں امن ضروری ہے،پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کی خوشحالی کیلئے کوشاں ہے،اندرون سندھ امن ہے،کراچی میں امن ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی ڈکٹیٹر کو کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا گیا اور نہ ہی پھانسیاں دی گئیں،قتل بھی سیاستدان ہوتے ہیں اور پھانسی بھی سیاستدان کو ہی دی گئی اور جلا وطن بھی سیاستدان ہی کئے گئے،ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیاگیا،ضیاء الحق نے لسانیت اور ملاازم کو فروغ دیا،آمروں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی جماعت اور مفاہمت کی پالیسی کی علمبردار ہے،فوج ہماری ہے اس کی عزت کرنا لازم ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کے حوالے سے فیصلہ میاں محمد نوازشریف کو ہی کرنا ہوگا۔عمران خان میچور سیاستدان نہیں ہے،مسلم لیگ(ن) نے ڈپٹی چےئرمین سینیٹ کیلئے عبدالغفورحیدری کو اپنا امیدوار دیا،الیکشن کمیشن کو آزاد ہونا چاہئے کسی کے سامنے جواب دہ نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان کوئی اختلافات نہیں،ایسی خبریں محض پروپیگنڈا ہیں