قومی وطن پارٹی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی،سکندر حیات شیر پاؤ،

پارٹی کارکنوں اور تمام اضلاع کے پارٹی عہدیداروں کو ابھی سے تیاریوں شروع کرنے کی ہدایت

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:47

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی انھوں نے پارٹی کارکنوں اور صوبہ کے تمام اضلاع کے پارٹی عہدیداروں کو اس ضمن میں ابھی سے تیاریوں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کے روز وطن کور پشاور میں مختلف وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ پارٹی بلدیاتی انتخابات میں اپنی بھرپور قوت کا مظاہرہ کرے گی ۔انھوں نے کہا کہ نچلی سطح کے انتخابی عمل سے نہ صرف جمہوری نظام کو مزید استحکام ملے گا بلکہ اس سے عوام میں مزید سیاسی شعور اجاگر ہونے میں مدد ملے گی ۔انھوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے تمام سطحوں کے الیکشن میں منظم طریقے سے حصہ لیا جائے گا اور اس میں بھرپور شرکت کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلدیاتی ا نتخابات کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کرے اور عوام کے ساتھ اپنے رابطہ کو مزید مضبوط کیا جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی ایک جمہوری اور پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ہم پختون قوم کو جاری مشکلات سے نکالنے کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کو مختلف ادوار میں مختلف نعروں کے ذریعے دھوکہ دیا گیا اور ان کے مسائل حل کرنے کی بجائے انھیں مزید مشکل کی طرف دھکیلا گیا۔انھوں نے کہا کہ ہم قول و فعل کے سچے ہیں اور جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں۔ پختونوں کوتاریخ کے اس مشکل دور میں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور پختون خطے پر امن،ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے ہر فورم پر موثر انداز میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔