جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی ضلعی ، ایجنسیز، زونل، مقامی امراء اور سیکرٹریز کے لئے دو روزہ تربیت گاہ کا آغاز

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:34

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) پشاورجماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی ضلعی ، ایجنسیز، زونل، مقامی امراء اور سیکرٹریز کے لئے دو روزہ تربیت گاہ کا المرکز اسلامی پشاور میں آغاز ہوگیا ۔تربیت گاہ سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر حافظ محمد ادریس ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیراحمد خان، نائب امیر مولانا محمد اسماعیل ،ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان نے خطاب کیا۔

تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت اسلامی باقی جماعتوں کی طرح ایک جتھہ نہیں ہے بلکہ اسلام کے غلبے کے لئے برپا کی گئی ایک دینی تحریک ہے۔

(جاری ہے)

اسلامی انقلاب کے لئے ضروری ہے کہ ہر ذمہ دار اور کارکن کا تعلق اللہ سے ہونا چاہئے۔ ہمارے لئے رشد وہدایت کا سرچشمہ اللہ کی کتاب اور سنت رسول اللہ ﷺ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں ہر طرف فساد ہے اور ظلم اور جبر کا نظام چل رہا ہے ۔ اس شیطانی نظام کے خاتمے کے لئے عوام کی حمایت اور تائید ضروری ہے۔ عوام اسی وقت ہماری دعوت سے متاثر ہوں گے جب ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے قوم کو اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا نعرہ دیا ہے ۔اس کے لئے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

جماعت کا پیغام اور دعوت ایک کروڑ لوگوں تک پہنچائی جائے گی تاکہ ترکی ، مصر اور دیگر اسلامی ممالک کی طرح پاکستان کے عوام بھی اسلامی تحریک کے دست و بازو بن جائیں۔ اس مقصد کے لئے سنجیدگی سے کام کرنا ہوگااور یہی ہمارے تمام تربیتی پروگرامات کا اصل مقصد اور ہدف ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو اسلامی انقلاب کے لئے جماعت اسلامی کا مضبوط قلعہ بنائیں گے۔ آج (۲۲ مارچ) تربیت گاہ کے دوسرے روز صوبہ بھر کے ذمہ داران سے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق اختتامی خطاب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :