سندھ میں گورنر راج کے حق میں نہیں ،لیاقت بلوچ،

گورنر سندھ کو تبدیل کر دیا جائے،ایم کیو ایم کا مینڈیٹ جعلی ہے کراچی اور حیدر آباد کے اراکین اسمبلی ختم کرکے الیکشن کروائے جائیں،مرکزی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:09

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکر ٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہم سندھ میں گورنر راج کے حق میں نہیں ہیں صرف گورنر سندھ کو تبدیل کر دیا جائے،ایم کیو ایم کا مینڈیٹ جعلی ہے کراچی اور حیدر آباد کے اراکین اسمبلی کو ختم کرکے دوبارہ الیکشن کروائے جائیں ،،یوحنا آباد سانحہ اور دوا نسانوں کو جلایا جانا ایک المیہ ہے حکومت اور قومی قیادت کو عدم برداشت اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہوا ،امریکہ یورپی ممالک کی قاتلوں اور دہشت گردوں کی حمایت سمجھ سے بالاتر ہے ،الطاف حسین دہشت گردی کو طالبانائزیشن قرار دیتے تھے لیکن ان کے کرتوت ان کے اپنے بندے نے ہی فاش کر دیے ہیں،پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں ابہام دور کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی دفتر جماعت اسلامی میں جہانیاں سمیت ضلع بھر سے آئے ہوئے اراکین جماعت سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک حکومتیں آئیں ،سیاستدان آئے لیکن عوام کے ہاتھ خالی ہی رہے عوام کے مسائل حل نہیں ہوئے سیاست اور جمہوری عمل میں ایک خلا موجود ہے عوام منتظر ہیں کہ ملک سے کرپشن،جہالت،خاندانی سیاست اور اقربا پروری کا خاتمہ ہو جائے عوام کی ان خواہشات کی تکمیل صرف جماعت اسلامی ہی کر سکتی ہے جو کہ مظلوموں کی جماعت ہے جس میں شامل لوئر مڈل کلاس لوگ عوام کے دکھ درد کا ادراک رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،بوری بند لاشوں کی سیاست نے پورے ملک کو پریشان کررکھا ہے،صولت مرزا کا نزعی بیان چشم کشا ہے انسانوں کے قتل عام کے ذمہ دار الطاف حسین ہیں جو کہ تمام تر ذمہ داری طالبانائزیشن اور طالبان پر ڈال دیتے تھے لیکن ان کے کرتوت ان کے اپنے بندے نے ہی فاش کر دیے ہیں ۔انہوں نے کہا سندھ میں گورنر راج کی ضرورت نہیں گورنر سندھ تبدیل کیا جائے اور انسانیت کے قاتلوں سے مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن عوام کا حق ہے پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ابہام ختم کرے مردم شماری کا چکر دے کر بلدیاتی الیکشن کا التوا نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ زراعت اور کسان کی خوش حالی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے مٹھی بھر مراعات یافتہ طبقہ کو نوازا جا رہا ہے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کسان کی سرپرستی نہیں کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت گندم کی فصل پر بھی شب خون مارنے کی کوشش کررہی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ گندم کی س رکاری قیمت طے کرتے ہوئے دانہ دانہ خریدنے کی پالیسی کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پروگران پاکستان کو سیکولر بنانے کی سازش ہے ملک میں مساجد و مدارس کو ہدف بنایا جا رہا ہے جو کہ قومی ایکشن پروگرام کو متنازع بنانے کا پروگرام ہے انہوں نے کہا کہ ہر قیمت پر مدارس و مساجد اور علماء کرام کا تحفظ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ختم کرنے والے ملک سے اقتصادی و معاشی دہشت گردی بھی ختم کریں نوجوان اور عام آدمی مہنگائی،بے روزگاری اور بدامنی سے تنگ آچکا ہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل گررہی ہیں ملک میں قیمتیں کم تو کی جاتی ہیں لیکن پٹرول قیمتوں میں کمی کا عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ یوحنا آباد میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور مسیحی برادری سے یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں اس واقعہ میں2افراد کو جلایا جانا قومیس انحہ ہے حکومت اور قومی قیادت کو غور کرنا چاہیے اور عدم برداشت و انتہا پسندی کا حل تلاش کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ امریکی و یورپی ممالک کی جانب سے انسانیت دشمنوں اور دہشت گردوں سے عقیدت اور قاتلوں کو بچانے کی کوشش انسانی بنیادی حقوق کے خلاف ورزی ہے اور ان کا یہ ا قدام سمجھ سے بالاتر ہے۔