شاہدرہ چوک میں اغواء کے ملزم کو گرفتار کرنے والے اہلکاروں کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹس کا اعلان،

ملزم آصف کمسن لڑکے علی کو نیم بیہوشی کی حالت میں اغواء کرلے لیجا رہاتھا ،مقدمہ درج کرلیا گیا،طیب حفیظ چیمہ

ہفتہ 21 مارچ 2015 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ شاہدرہ چوک میں ڈی ایس پی کی ہدایت پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے وارڈنز نے مغوی لڑکے کو بازیاب کرواتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کر شاہدرہ پولیس کے حوالے کر دیا جس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔سی ٹی او نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو نقد انعام اور سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ڈی ایس پی شاہدرہ محمد منیر بٹ نے پٹرولنگ کے دوران شاہدرہ چوک میں ایک شخص کو دیکھاجو ایک کمسن لڑکے کو نیم بے ہوشی کی حالت میں لیجا رہا تھا انہوں نے ٹریفک سیکٹر انچارج انسپکٹر خالد محموداور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ اسے روک کر پوچھ گچھ کی تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اہلکاروں نے ملزم آصف ولد اللہ دتہ سکنہ لاری اڈا کو قابو کرلیا اور مغوی علی ولد ٹونی کو فوری طبی امداد فراہم کی ۔

ٹریفک اہلکاروں نے تمام حالات افسران بالا کے علم میں لاتے ہوئے ملزم آصف کو شاہدرہ پولیس کے حوالے کردیا جس کے خلاف مقدمہ نمبری 572/15درج کرادیا گیا ۔سی ٹی او نے فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کیلئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔