Live Updates

حکومت اور تحریک انصاف میں کامیاب مذاکرات خوش آئند ہیں،تحریک انصاف بہت جلد اسمبلیوں واپس آکر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی نظر آئے گی؛برجیس طاہر

ہفتہ 21 مارچ 2015 17:21

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پر اتفاق خوش آئند ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ باہمی گفت و شنید اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کو اہمیت دی ہے۔

اب تحریک انصاف بہت جلد اسمبلیوں میں بیٹھ کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی نظر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صفدر آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ وہ صفدر آباد میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر رہے تھے۔ گورنر و وفاقی وزیر نے کہا کہ غل غپاڑہ سیاستدانوں کا شیوہ نہیں اور نہ ہی یہ مسائل کا حل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کا قیام ایک سیاسی اور پر امن جد و جہد کے نتیجے میں عمل میں آیا۔

پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کی جماعت ہے جبکہ قائد کے سیاسی افکار ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویز مشرف کے آمرانہ اقتدار کے خاتمے کے بعد سیاسی جماعتوں کے کردار میں پختگی آنے کے علاوہ عوام کی سیاستدانوں پر امیدوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی انکوئری کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہو نے کے بعد ملکی ترقی کے حوالے سے ایک امید کی کرن پیدا ہوئی تھی لیکن بعدازاں ایسے حالات پیدا ہو گئے کہ عوام ملکی سیاسی حالات سے مایوس ہو گئے۔ ہماری حکومت ایک طرف تو جمہوریت کی بالادستی، سیاسی روایات کی پاسداری اور سیاسی مینڈیٹ کے احترام جبکہ دوسری جانب کثیر الجہتی ترقی پر یقین رکھتی ہے تاکہ ملکی وسائل کو انسانی ترقی اور عوامی فلاح کیلئے استعمال میں لایا جائے۔

گورنر/وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کو مذاکرات کی بات دیر سے سمجھ آئی لیکن صبح کا بھولا شام کو گھر لوٹ آئے تو اسے بھولا نہیں کہتے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح چیئرمین سینٹ کا انتخاب پر امن اور اتفاق رائے سے ہوا ہے اس طرح ملک کو درپیش دیگر مسائل کا حل بھی اسی طریقے سے ڈھونڈا جائے گا۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے صفدر آباد میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح و سنگ بنیاد رکھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات