سپریم جوڈیشل کونسل سے عدم حاضری ،آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کو شوکاز نوٹس جاری

جوڈیشل کونسل نے عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق ریفرنس کیس میں 3دنوں میں جواب طلب کرلیا

ہفتہ 21 مارچ 2015 16:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء ) آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کو سپریم جوڈیشل کونسل نے عدم حاضری پر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے ، جوڈیشل کونسل نے عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق ریفرنس کیس میں تین دنوں میں جواب طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کیخلاف انہیں عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس فرح ایوب کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس میں بتایا گیا کہ آڈیٹر جنرل اپنے عہدے پر موجودگی کے باعث سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر سماعت ریفرنس کی سماعت پر اثر انداز ہورہے ہیں ان کے حوالے سے یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اپنے خلاف ریفرنس کے گواہوں کو ہراساں کررہے ہیں جس کا ثبوت یہ پیش کیا گیا کہ فرح ایوب کی پنشن پچھلے کئی ماہ سے بند ہے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ انہیں بطور آڈیٹر جنرل کام کرنے سے روک دیا جائے ۔

دریں اثناء یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ اس سماعت میں جو دیگر درخواستیں دائر کی گئی ہیں ان کا فیصلہ بھی اصل ریفرنس کے حتمی فیصلے کے ساتھ جاری کیا جائے گا