پانی کے مسائل حل نہ کیے تو انسانی زندگیوں کیلئے خطرات برقرار رہیں گے‘ نعمت اللہ خان

ہفتہ 21 مارچ 2015 16:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پانی کے مسائل حل نہ کیے گئے تو انسانی زندگیوں کیلئے خطرات برقرار رہیں گے اور مہلک امراض انہیں متاثر کرتے رہیں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے کئی دہائیوں سے پانی کے سنگین مسائل سے نمٹنے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اور اب یہ ملک بھر میں اس شعبے میں عوام کی خدمت کررہی ہے۔

یہ با ت انہوں نے ہفتے کو”انٹرنیشنل واٹر ڈے“ کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہی۔ نعمت اللہ خان نے کہا کہ الخدمت فاؤندیشن کے تحت ملک بھر میں قائم سینکڑوں واٹر فلٹریشن پلانٹس ‘ کنویں اور ہینڈ پمپس جب کہ سندھ‘ پنجاب‘ خیبرپختونخوا‘ آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بھی صاف پانی کے منصوبے کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں ان منصوبوں سے یومیہ لاکھوں افراد استفادہ کررہے ہیں۔

نعمت اللہ خان نے کہاکہ تھرپارکر ضلع 21 ویں صدی میں بھی دورِ حاضر کی سہولتوں سے محروم ہے‘ نہ انہیں پینے کا پانی میسر ہے نہ روزگا‘ صحت کی سہولتیں میسر ہیں نہ تعلیم۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے وہاں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کیا اور اب تک 1500 سے زائد پانی کی اسکیمیں قائم کی جاچکی ہیں جن میں کنوویں اور ہینڈ پمپس شامل ہیں، وہاں RO فلٹریشن پلانٹ لگایا جارہاہے جبکہ سولر انرجی واٹر پراجیکٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔

نعمت اللہ خان نے کہا کہ کراچی میں 12 واٹر فلریشن پلانٹس یومیہ ہزاروں افراد کو صاف پانی فراہم کررہے ہیں‘ 2014ء میں ان پلانٹس کے ذریعے 22 لاکھ سے زائد افراد نے استفادہ کیا جبکہ 2 پلانٹس جلد لگائے جارہے ہیں جو جلد کام شروع کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آلودہ پانی سے سانس کی بیماریاں‘ آنتوں کی سوزش‘ اسہال‘ جلدی امراض‘ غدود کا بڑھنا‘ ٹی بی‘ ہیپا ٹائٹس جیسے مہلک امراض پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق پانی کا مسئلہ پاکستان میں تشویش کا باعث ہے جو بیماریوں کو جنم دے رہا ہے۔ پاکستان میں ہر سال پانچ سال سے کم عمرکے ڈھائی لاکھ بچے آلودہ پانی کے باعث موت کے منہ چلے جاتے ہیں۔ علاج معالجہ‘ ادویات کی برآمد اور افرادی قوت متاثر ہونی سے ملکی معیشت کو 1.30 کروڑ ڈالرکے نقصان کا سامنا ہے۔ نعمت اللہ خان نے کہا کہ ہم لوگوں کو صاف پانی فراہم کرکے ان کی زندگی محفوظ بنانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ صاف پانی سے متعلق شعور و آگہی کی فراہمی ہمارا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس ضمن میں عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو مزید وسیع کرے گی۔

متعلقہ عنوان :