غیرملکیوں کی مانیٹرنگ کیلئے سپیشل برانچ کے سرویلنس یونٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نیا سرویلنس یونٹ قائم کردیا گیا

ہفتہ 21 مارچ 2015 16:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء)پاکستان بالخصوص کراچی میں مقیم غیرملکیوں کی مانیٹرنگ کے لیے اسپیشل برانچ کے سرویلنس یونٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نیا سرویلنس یونٹ قائم کردیا گیا ہے ،یونٹ میں اعلی اور اہل افراد کی تعیناتی کے لیے بھرتی کا عمل شروع ہوگیا ہے جنہیں جدید تربیت دی جائے گی۔ دوسری جانب ایسے افراد کی نگرانی نہ کرنے والے اسپیشل برانچ کے 8افسران و اہلکاروں کو بلیک لسٹ قرار دے کر ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت تارکین وطن کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے سلسلے میں اور مستقبل میں اس کی روک تھام کے لیے اسپیشل برانچ کی جانب سے اسپیشل سرویلنس یونٹ تشکیل دے دیا گیا ہت۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اسپیشل برانچ کے ایک افسر نے بتایا کہ پہلے بھی اس طرح کا نظام تھا جس میں بیرون ملک سے آنے والے افراد کے مکمل کوائف درج کیے جاتے تھے اور ان کی مانیٹرنگ کا عمل بھی اس کا حصہ تھا تاہم اس حوالے سے بیشتر شکایات سامنے آئی تھیں کہ اس میں کچھ افسران و اہلکار اسے اتنا سنجیدہ نہیں لیتے جس کے باعث شہر میں باہر سے آکر آباد ہونے والوں کی تعداد لاکھوں میں چلی گئی ہے اور بیشتر کا تو پتا ہی نہیں ہوتا کہ وہ شہر میں آنے کے بعد کہاں منتقل ہوگئے اور اب کہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند ممالک سے آنے والے افراد کی انتہائی سخت مانیٹرنگ کے احکامات ہیں تاہم اس میں بھی کوتاہیاں سامنے آئی ہیں جس کے باعث 8افسران و اہلکاروں کو بلیک لسٹ کر کے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ نئے سرویلنس یونٹ میں تعلیم یافتہ اور اہل افسران کو بھرتی کرنے کے لیے انٹرویوز شروع ہوگئے ہیں اور بھرتی کے بعد ان کی جدید تربیت ہوگی اور مذکورہ سرویلنس یونٹ مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔

مذکورہ یونٹ ایس پی ٹیکنیکل کے ماتحت ہوگا ۔ افسر نے مزید بتایا کہ شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی فہرستیں بھی لگ بھگ مکمل طور پر تیار ہوگئی ہیں اور جلد ہی انٹیلی جنس کی بنیاد پر ان کے خلاف کریک ڈان کیا جائے گاتاہم ابتدائی طور پر اس کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔