صوبے کے ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے،شہرام خان

ہفتہ 21 مارچ 2015 16:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر صحت و سنےئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے کے ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مردان کے تعمیراتی کام کے ناقص معیار کے حوالے سے اینٹی کرپشن سمیت دیگر اداروں سے تحقیقات کرواکر ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، مردان میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی حاضری یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب مکمل ہوگئی ہے اور سنےئر ڈاکٹروں سمیت تمام عملے کو اس نظام کے تحت اپنی حاضری یقینی بنانی ہوگی۔

غیر حاضر ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف اپنے حاضری یقینی بنائیں۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات دئیے جائینگے۔

(جاری ہے)

ناقص کارکردگی اور اپنے فرائض میں غفلت برتنے والوں کو گھر بھیجنے سے دریغ نہیں کرینگے۔ وہ کمشنر مردان ڈویژن کے دفتر میں ضلع مردان میں صحت کی سہولیات اور ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان، ارکان قومی اسمبلی علی محمد خان، مجاہد خان ، پارلیمانی سیکرٹری ذاہد خان درانی ، صوبائی اسمبلی کے اراکین افتخار علی مشوانی ، طفیل انجم ، ڈائریکٹر ہیلتھ ، کمشنر مردان خالد حسین، پٹی کمشنر مردان شاہداللہ خان، ڈی ایچ او مردان ، ایم ایم سی کے چیف ایکزیکٹیو ڈاکٹر ضیاء الاسلام، ڈی ایچ کیو اور ایم ایم سی سمیت مختلف ہسپتالوں کے انچارج ڈاکٹروں، پی پی ایچ آئی کے نمائندوں ، سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسےئن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔