ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت بھی عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے ‘ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا اجلاس سے ویڈ یو لنک کے ذریعے خطاب

ہفتہ 21 مارچ 2015 13:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت بھی عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے ‘اشیائے ضروریہ ،گھی اورویجی ٹیبل آئل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچائے جائیں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتے کے روز ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق، بلال یاسین، فرخ جاوید، ملک ندیم کامران، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اور اعلی حکام نے بھی اجلاس میں شر کت کی وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں تمام متعلقہ ادارے اورانتظامیہ کمر بستہ ہوجائیں‘متعلقہ محکمے اورانتظامیہ نئی قیمتوں پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت بھی عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔