پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کی گئی ‘ سکیورٹی کے سخت انتظامات ‘پریڈ ایوینیو کی جانب جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل

ہفتہ 21 مارچ 2015 13:32

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 مارچ کی پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کی گئی ‘ سکیورٹی کے سخت انتظامات ‘پریڈ ایوینیو کی جانب جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کردیئے گئے ‘سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دور ان متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ‘پریڈ ایونیو کے قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس بند رہی تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 23 مارچ کی پریڈ ناکام بنانے کیلئے سرگرم دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا۔

مختلف شہروں میں پولیس اور رینجرز ہائی الرٹ رہی کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کر کے جیل روڈ ، منو جان روڈ ، سبزل روڈ پر کارروائی کر کے 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

لاہور میں بھی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد گرفتار کئے گئے ادھر راولپنڈی میں سیکورٹی اداروں نے ہوٹلوں کو خالی کرانا شروع کر دیا حکام نے ہوٹل مالکان کو 3 روز تک کسی مسافر کو ہوٹل میں نہ ٹھہرانے کی ہدایات جاری کیں دوسری طرف پریڈ ایونیو آنے والی تمام اہم شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئیں راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والی مصروف ترین شاہراہ مری روڈ کو شمس آباد کے مقام پر ناکہ لگا کر بند کر دیا گیا ایکسپریس وے پر ایئرپورٹ چوک، کھنہ پل اور شکرال کے مقام پر ناکے لگا کر ٹریفک متبادل راستوں کے ذریعے بحال رکھی گئی پریڈ ایونیو کے قریبی علاقوں آئی ایٹ، آئی نائن ، فیض آباد ، مارگلہ ٹاوٴن، راول ٹاوٴن، سوہان، زیروپوائنٹ، جی سکس، جی سیون سمیت دیگر رہائشی علاقوں میں موبائل فون سروس صبح چھ بجے سے بند کر دی گئی جڑواں شہر راولپنڈی اسلام آباد میں سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں جہاں پولیس اور پاک فوج کے جوان تعینات کئے گئے اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے مرکزی داخلی راستہ فیض آباد کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا پریڈ میں پاک آرمی، بحریہ، فضائیہ اور ایف سی کے دستے شریک ہوں گے ایس ایس جی کمانڈوز، لائٹ انفنٹری کمانڈو بٹالین، میکنائزڈ انفنٹری یونٹ بھی پریڈ میں شامل ہیں اور پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی فل ڈریس ریہرسل میں حصہ لے رہے ہیں ذرائع کے مطابق 23 مارچ کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوگا، صدر مملکت ممنون حسین مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے پریڈ کا معائنہ کریں گے خواتین فوجیوں کا دستہ بھی پریڈ میں شریک ہوگا۔

آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیل کاپٹرز جن میں بیل، ایم آئی17، کوبرا گن شپ، پوما ہیلی کاپٹرز پریڈ میں شریک ہوں گے۔پاک فضائیہ کے جدید طیارے خصوصاٍ جے ایف تھنڈر -17 طیارے پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں، ائر فورس کے طیاروں میں جدید ترین ایف 16 طیارے، ایف 7، ایف 7 پی جی اور دیگر جدید جہاز فلائی پاس کا مظاہرہ کریں گے۔اس فلائی پاس کی قیادت پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان کریں گے ایس ایس جی کے کمانڈوز پیرا ٹروپنگ کا مظاہرہ بھی کریں گے۔

پاکستان کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل خصوصاٍ رعد، نصر میزائل، پاکستان میں بننے والے ٹینک الضرار اور الخالد بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔پریڈ میں چاروں صوبوں کی ثقافت اجاگر کرنے کیلئے فلوٹ ہوں گے، جن پر علاقائی رقص ثقافتی دھنیں بجائی جائیں گی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی کے پیش نظر پاک فوج کا خصوصی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جہاں سے کسی بھی مشکوک سرگرمی کا جائزہ لیا جائیگا ۔