ہمیں اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی کسی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں، سراج الحق

ہفتہ 21 مارچ 2015 12:53

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملک میں پھانسی کی سزاکے خاتمے پر اقوام متحدہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں لایا گیا تھا ہمیں اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی کسی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

21مارچ۔2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جن معاشروں میں قتل کے مجرموں کو اللہ کے حکم کے تحت سزا نہ ملے وہ تباہ ہوجاتے ہیں قصاص میں اللہ نے زندگی رکھ دی ہے ۔ اقوام متحدہ اور مغرب پھانسی کی سزا کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں ہم ان کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں اس لئے دی تھیں کہ اس ملک میں اللہ کا بنایا ہوا نظام نافذ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہم دہشتگردی اور دیگر مصیبتوں میں اس لئے مبتلا ہیں کہ ہم نے اللہ کے احکامات کو پس پشت ڈال دیا ہے اس ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی ہماری اولین ترجیح ہے جماعت اسلامی اقتدار میں آکر محمد مصطفی ﷺ کا لایا ہوا نظام نافذ کرے گی ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت ایم کیو ایم کیخلاف ایکشن لے اور تمام عناصر کو عبرت کا نشانہ بنائے جنہوں نے کراچی کے امن کو تباہ کیا ہے

متعلقہ عنوان :