ہرقسم کی قربانی دیکرناسوردہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، کراچی میں امن کی بحالی کی کوششیں جاری رہیں گی ‘کور کمانڈر کراچی

ہفتہ 21 مارچ 2015 12:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارنے کہاہے کہ ہرقسم کی قربانی دیکرناسوردہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، کراچی میں امن کی بحالی کی کوششیں جاری رہیں گی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتہ کی صبح رینجرز ہیڈکواٹرز سپر ہائی وے پر کراچی کے علاقے قلندریہ چوک نارتھ ناظم آباد میں رینجرزموبائل پرہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں شہیدہونے والے رینجرز اہلکاروں محمد قاسم اور یار محمد کی نماز جنازہ کے موقع پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں خودکش حملے کے نتیجے میں شہیدہونے والے رینجرز اہلکاروں محمد قاسم اور یار محمد کی نماز جنازہ رینجرز ہیڈکواٹرز سپر ہائی وے پر ادا کی گئی۔نمازجنازہ میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ،ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال،رینجرزکے دیگر اعلیٰ حکام، شہداء کے عزیزواقارب اور دوست احباب سمیت رینجرزاہلکاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بعدازاں شہیداہلکاروں کی مییتوں کو شہداء کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارنے کہاکہ دونوں جوانوں نے قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ، کراچی میں ہر صورت امن بحال کریں گے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں قیام امن اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں گے اور ناسور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :