کوئٹہ: مفرور عسکریت پسندوں کو ہرگز تحفظ اور پناہ فراہم نہیں کریں گے، بلوچ قبائلی عمائدین

ہفتہ 21 مارچ 2015 12:20

کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 مارچ 2015 ء) :سدرن کمانڈ کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل محمد نصیر خان جنجوعہ کی جانب سے بلوچستان کے مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے اعزاز میں دیے ظہرانہ دیا گیا۔ نواب ایاز خان جوگیزئی نے قبائلی وفد کی قیادت کی۔ اس موقع پر قبائلی سرداروں نے ملک کی موجودہ صورتحال اور فوجی آپریشن کے تناظر میں افغانستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں بلوچستان کی پشتون آبادیوں پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور علاقے میں امن و امان کو بہتر بنانے اور ترقیاتی کاموں کے لیے کیے گئے اقدامات بھی اس دوران زیرِبحث آئے۔

علاوہ ازیں عمائدین کی جانب سے عہد کیا گیا کہ وہ اپنے علاقوں میں عسکریت پسندوں کو تحفظ اور پناہ ہرگز فراہم نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

قبائلی سرداروں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج، فرنٹیئر کور سمیت سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور ہرممکن مدد کو توسیع دیں گے۔
اس موقع پر لیفٹننٹ جنرل محمد نصیر خان جنجوعہ کا کنہا تھا کہ بلوچستان کو ایک مثالی صوبہ بنانے کیلئے تمام لوگوں کو متحد ہوکر امن کےراستے پر مشترکہ طور پر آگے بڑھنا ہو گا۔انہوں نے قبائلی عمائدین پر زور دیا کہ وہ امن کے قیام کو یقینی بنانے کیلئےفرنٹیئر کور، پولیس اور ان کے علاقے میں تعینات دیگر فورسز کے ساتھ قریبی تعلقات اور تعاون برقرار رکھیں۔