Live Updates

یوحنا آباد سمیت دیگر دہشتگردی کے واقعات میں جان بحق ہونے والے افراد کو قومی اعزازات سے نوازا جائے ‘اعجاز چوہدری،

عوام کے مسائل کے حل اور ووٹ کے تقد س کی بحالی کے لئے تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی‘میڈیاسے گفتگو

جمعہ 20 مارچ 2015 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء ) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازچوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ یوحنا آباد کے اندوہناک اور المناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اوردھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،حکومت نے جان بحق ہونے والوں کے لئے بہت کم مالی مدد کا اعلان کیا میں ایک دفعہ پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ حکومت پنجاب جان بحق اور زخمیوں کو بیس لاکھ فی کس کے حساب سے معاوضہ دے، یوحنا آباد سمیت دیگر دہشتگردی کے واقعات میں جان بحق ہونے والے افراد کو قومی اعزازات سے نوازا جائے ، وہ قومی ہیرو ز ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے سینکڑوں قیمتی جانوں کو بچایا ہے، میں پارٹی کے کارکن زاہد یوسف عرف گوگا کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے سانحہ یوحنا آباد میں اپنی جان قربان کر کے سینکڑوں قیمتی جانوں کو بچایا ہے۔

(جاری ہے)

سانحہ یوحنا آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے صدر پی ٹی آئی پنجاب اعجازاحمدچوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف متاثرہ مسلم اور مسیحی خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، مسیحی برادری صبر اور امن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے ، تشدد تشدد کو جنم دیتا ہے ،پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے ۔ حکومت دہشتگردی اور دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے، سانحہ یوحنا آباد کے موقع پر پولیس نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا اور دومسلمان نوجوانوں کو شرپسند عناصر نے زندہ جلا دیا ہے ۔

تحریک انصاف نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے اسی طرح دومسلم نوجوانوں کو زندہ جلائے جانے کے واقعہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ،حکومت پنجاب اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کا یہ حلقہ ہے ، افسوس کا مقام ہے کہ یوحنا آباد کو پیرس بنانے والے شہبازشریف نے ابھی تک دورہ نہیں کیا۔

انہیں دوقدم آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا چاہئے تھالیکن یہاں کے عوام سے حکمران ووٹ تو لیتے ہیں لیکن ان کے جان وما ل کے تحفظ کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھاتے ۔میں سمجھتا ہوں کہ جس طرح مساجد کے لئے سیکیورٹی کے انتظامات کئے جاتے ہیں اسی طرح چرچ کی بھی فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جانے چاہئیں۔ یوحنا آباد میں خوف و ہراس ہے ، عوام کی جان و مال کی حفاظت اور ا نکی دیکھ بھال کی ذمہ داری حکومت پنجاب پر عائد ہوتی ہے۔

اگرچرچز کے بھروقت سیکیورٹی کے انتظامات کئے ہوتے اتنا بڑا سانحہ رونما نہ ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل اور ووٹ کے تقد س کی بحالی کے لئے تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ جلسہ جلوس کرنا تحریک انصاف کا بنیادی حق ہے ، ایک اور سوال کے جواب میں اعجازچوہدری نے کہاکہ تحریک انصاف نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ملٹری کورٹس کی حمایت کی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :