حکومتِ پنجاب کے ای ۔سہولت مراکز کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے،ڈاکٹر عمر سیف ،

گذشتہ ماہ سہولت مرکز نے کام شروع کیا ، اب تک ہزاروں درخواستیں موصول ہوئیں ، زیادہ تر پر عملدرآمد ہوچکا ، چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ

جمعہ 20 مارچ 2015 22:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدائت پر ہر ضلع میں ای سہولت مرکز کے قیام کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔پہلے فیز میں ہر ڈویژن میں ایک ایک جبکہ لاہور میں دو ای سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں بتایا کہ راولپنڈی میں پہلے سہولت مرکز نے گذشتہ ماہ کام شروع کیا تھا جہاں اب تک ہزاروں درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے زیادہ تر پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کا جناح ٹاؤن ہال اور دوسراارفع کریم ٹاور والا مرکز رواں سال اگست تک کام شروع کر دے گا۔ ڈاکٹر عمر سیف نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہالپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی کام شروع ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کام کی رفتار تسلی بخش ہے کیونکہ حکومت نے رواں مالی سال میں 23کروڑ روپے کے فنڈ اس منصوبے کے لئے اضلاع کو جاری کیے تھے جن میں سے 82فیصد یعنی 19کروڑ روپے سے زائد خرچ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای سہولت مرکز میں ڈومی سائل، ڈرائیونگ لائسنس، پیدائش و اموات سرٹیفکیٹ،نادرا کی ای سہولت ،شادی و طلاق سرٹیفکیٹ ،شناختی کارڈ، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی، گاڑیوں کی رجسٹریشن، گاڑی کی ملکیت کی منتقلی، روٹ پرمٹ ،گاڑی کے جرمانے کی ادائیگی اورزمین کی فرد ملکیت کے حصول جیسی تمام سہولیات ایک ہی جگہ مل رہی ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ اس مرکز میں لوگوں کے کام شفافیت ، بغیر سفارش کے اور تیزی سے ہو رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں راولپنڈی کے ایک شخص اقتدار حسین کو ڈومی سائل تیار ہونے کی اطلاع ایس ایم ایس پر دی گئی ، اسے جب ڈومی سائل وقت پر اور بغیر کسی کو پیسے دیے ملا تو وہ باقاعدہ وہاں گلدستہ لیکر آیا۔

متعلقہ عنوان :