موسمی تبدیلی کے مضر اثرات کو کم کرنے میں درختوں کا کردارکلیدی حیثیت رکھتا ہے مشاہد اللہ خان،

جنگلات کا رقبہ بڑھانے سے موسم کو انتہائی خوشگوار بنایا جا سکتا ہے  وفاقی وزیر کا بیان

جمعہ 20 مارچ 2015 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کے مضر اثرات کو کم کرنے میں درختوں کا کردارکلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سال کے عالمی یوم جنگلات کا موضوع جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی رکھا گیا ہے جو عہد حاضر کے مسائل اور انکے حل کا ایک واضح لائحہ عمل اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ 21مارچ کو عالمی یوم جنگلات کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے ماحول میں روزافزوں ابتری صنعتوں سے زیریلی گیسوں کے اخراج کی وجہ سے ہے اور اگران گیسوں کے اخراج کو روکا نہ گیا توشاید آنے والے وقت میں یہ زمین موجودہ حالت میں انسانوں اور دیگر جانداروں کے رہنے کے قابل نہ رہے۔

تاہم ایسی ماحول دشمن گیسوں کے ماحول اور زمین پر بسنے والی ہر مخلوق پر پڑنے والے تمام منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے شجرکاری کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ جنگلات کا رقبہ بڑھانے سے موسم کو انتہائی خوشگوار بنایا جا سکتا ہے۔ شہروں کے اندر کے درجہ حرارت اور شہروں سے باہر کسی بھی جنگل میں درجہ حرارت کا واضح فرق عیاں ہو جائے گا۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کے عالمی یوم جنگلات کے حوالے سے ایک پیغام پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بان کی مون نے ماحولیاتی تبدیلی کو روکنے میں جنگلات کے کردار کو اجاگر کرنے اور ان میں اضافے پر زور دیا ہے۔ مشاہد اللہ نے کہا کہ حکومت جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقئنی بنانے کا تہیہ کر چکی ہے، اس دن کی مناسبت سے تمام صوبائی حکومتوں بشمول آزاد جموں و کشمیرکو یقین دلاتا ہوں کہ جنگلات کے تحفظ کے سلسلے میں وفاقی حکومت ہر قسم کی مدد اور اعانت فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :