ملکی معیشت کے استحکام کے لئے 52فیصد خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، حمیدہ وحید الدین ،

حکومت پنجاب دو سو ارب روپے سے ویمن ایمپاورمنٹ پیکیج سے خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی پر کام کررہی ہے ، صوبائی وزیر

جمعہ 20 مارچ 2015 21:42

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) ملکی معیشت کے استحکام کے لئے 52فیصد خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تب ہی ملک معاشرتی اور معاشی طور پر مستحکم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین نے گورنمنٹ ڈگری کالجز فار گرلز چکوال و چوآسیدن شاہ ملازمین پیشہ خواتین کے بچوں کے لئے بنائے گئے ڈے کےئر سنٹرز کے افتتاح کے بعد تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایم این اے بیگم عفت لیاقت ، ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن مہوش سلطانہ راجہ ، ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی ، اسسٹنٹ کمشنر چکوال مصور خان نیازی ، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، اسسٹنٹ کمشنر چوآسیدن شاہ ثمینہ سیف نیاز ی ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ناصر محمود اعوان، پرنسپل گورنمنٹ کالج فار گرلز چکوال منزہ شیخ ، پرنسپل گورنمنٹ کالج فار گرلز چوآسیدن شاہ،افسران ، کالج کی پروفیسرز اور طالبات کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب دو سو ارب روپے سے وویمن ایمپاورمنٹ پیکیج سے خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی پر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں 60 ڈے کےئر سنٹر بنائے جارہے ہیں ، 33اب تک فنکشنل کردےئے گئے ہیں ، جن میں ضلع چکوال میں دو سنٹرز تحصیل چکوال اور تحصیل چوآسیدن شاہ میں قائم کیے گئے ہیں۔صوبے کے 36میں سے 16اضلاع میں ورکنگ خواتین کے لئے خواتین ہاسٹل بنائے گئے ہیں ۔

خواتین کے لئے سرکاری اداروں میں 5فیصد سے کوٹہ بڑھا کر 15فیصد کردیا گیا ہے جبکہ اوپن میرٹ کے ذریعے بھی اپلائی کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو اپنے پاوٴں پر کھڑا کرنے کے لئے روزگار شروع کرنے کے لئے مختلف سکیموں پر کام شروع ہوچکا ہے ۔ جس میں یوتھ لون پالیسی کے تحت 50فیصد کوٹہ خواتین کے لئے مختص کیا گیا ہے جبکہ سمال انڈسٹری کے سیکٹر میں 30فیصد کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ترقی خواتین کے محکمے کو قائم ہوئے 2سال کا عرصہ گذر چکا ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میں ترقی خواتین کے محکمے میں خواتین کے حقوق اور سہولتوں کے لئے لاتعداد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں اور اسمبلی سے بلز بھی پاس کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک خواتین مردوں کے شابہ بشانہ نہیں چلیں گی ،ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ ترقی خواتین کا محکمہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی رہنمائی میں مختلف شعبوں میں تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وویمن ایمپاورمنٹ پیکیج 2012ء کے ذریعے خواتین کی ترقی اور بہبود کے لئے کام کئے جارہے ہیں اور 2018ء تک انشاء اللہ خواتین کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ قبل ازیں ایم این اے بیگم عفت لیاقت علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے بہت سے اقدامات اُٹھا رہے ہیں۔

مہوش سلطانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائدین مسلم لیگ (ن) کے ویژن کا مقصد خواتین کو معاشرے کے دھارے میں شامل کرنا ہے اور ملکی ترقی میں خواتین اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ حقوق حاصل ہیں۔ ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے کہا کہ ضلع چکوال کا لٹریسی اور تعلیمی لحاظ سے پاکستان بھر میں اول پوزیشن پر ہے اور یہاں کے اداورں کو دیکھ کر اساتذہ کی قابلیت کو سراہتا ہوں ، میرے دروازے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں اور ضلع کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنے کی کوشش کروں گا ۔

تقریبات سے پرنسپلز گورنمنٹ کالج چکوال منزہ شیخ و گورنمنٹ کالج چوآسیدن شاہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وویمن امپاورمنٹ مخدوم رضا نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر نے ڈے کےئر سنٹر زکے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :