وزیراعلیٰ سندھ نے آرام باغ میں صالح مسجد اور نارتھ ناظم آباد میں رینجرز کی گاڑیوں کے قریب دھماکے کا نوٹس لے لیا

جمعہ 20 مارچ 2015 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے نماز جمعہ کے وقت آرام باغ کے قریب مسجد کے نزدیک بم دھماکے اور نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں رینجرز کی گاڑیوں کے قریب ہونے والے دھماکہ کا سختی سے نوٹیس لیتے ہوئے انسپیکٹر جنرل پولیس سندھ سے واقعات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔واقع رونما ہونے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈھر کو فوری طور پر ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کرنے اور علاج معالجے کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی،جنہوں نے بروقت اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دھماکوں کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھماکوں میں ملوث مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹھرے میں لانے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے رینجرز اہلکاروں اور دیگر افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

اس موقعہ پر وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں امن و امان کیلئے رینجرز کی قربانیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں رینجرز نے سندھ پولیس کے ساتھ ملکر امن و امان کی بحالی اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور سندھ پولیس کی بہادرانہ کاروایوں کی بدولت اس وقت صوبہ سندھ میں 70فیصد سے زائد جرائم پر قابو پالیا گیا ہے، باقی مٹھی بھر دہشتگردوں کا صفایا بھی عنقریب ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز اور سندھ پولیس کی جانب سے دہشتگردوں کا گھیرا تنگ کرنے کے ردعمل میں یہ بزدلانہ کاروائیاں ہوں رہی ہیں، جن سے ہماری فورسز کبھی بھی مرعوب نہیں ہونگی اور نہ ہی ان کے تعاقب سے پیچھے ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی قابل اطمینان بات ہے کہ ملک کے اندر امن امان کی بحالی کیلئے پاک فوج کی مکمل حمایت اور مدد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی میں ٹارگیٹیڈ آپریشن اور ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور آخری دہشتگرد کی سرکوبی تک جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :