Live Updates

وجیہہ الدین کمیشن کی رپورٹ میں تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات میں دھاندلیوں کے مزید حقائق سامنے آگئے،

انتخابی عمل دھاندلی زدہ قرار، کمیشن کی جہانگیر ترین کی پارٹی رکنیت ختم کرنے، کور کمیٹی، سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، ٹیکنیکل کمیٹی سمیت تمام باڈیزکی تحلیل ، پارٹی کے نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل اور3 ماہ کے اندر دوبارہ پارٹی انتخابات کرانے کی سفارش، پی ٹی آئی کے چیئرمین الیکشن سے مستثنیٰ قرار، متعدد اہم فیصلوں کابھی اختیار دیدیا

جمعہ 20 مارچ 2015 18:19

وجیہہ الدین کمیشن کی رپورٹ میں تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات میں دھاندلیوں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات میں دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے جسٹس(ر) وجیہہ الدین کی سربراہی میں بنائے گئے کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ کے تمام اہم فیصلے سامنے آگئے، کمیشن نے پارٹی انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کرنے، کور کمیٹی، سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، ٹیکنیکل کمیٹی سمیت تمام منتخب باڈیز کو تحلیل کرنے ، پارٹی کے نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل اور اس کے تحت تین ماہ کے اندر دوبارہ پارٹی انتخابات کرانے کی سفارش کر دی، کمیشن نے پارٹی کے چیئرمین کو بلامقابلہ منتخب کرانے اور پارٹی کی احتساب اور ڈسپلن کمیٹی کی نامزدگی اور اسے حاصل لامحدود اختیارات پر بھی شدید نکتہ چینی کی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو آئی این پی کو موصول ہونے والی جسٹس وجیہہ الدین کمیشن کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ تمام منتخب باڈیز توڑ دی جائیں، کور کمیٹی، سی ای سی اور ٹیکنیکل کمیٹی سمیت تمام کمیٹیاں بھی ختم کر دی جائیں، پی ٹی آئی کے چیئرمین کے عہدے کو انتخابات سے مستثنیٰ قراردیا گیا ہے جسے قائد اعظم مسلم لیگ، بے نظیر پی پی پی اور شیخ مجیب کو عوامی لیگ میں حاصل تھا، اس طرح احتساب اور ڈسپلن کمیٹی بھی غیر منتخب رکھی گئی اور اسے غیر معمولی اور فیصلہ کن اختیارات دے دیئے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی فوری طور پر الیکشن کمشنر کمیٹی بنائیں، الیکشن کمشنر کمیٹی ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل نو کریں جو ایک ماہ میں ممبر شپ رجسٹر تیار کرے، الیکشن کمشنر پارٹی کے دوبارہ انتخابات 2012 کے آئین کے مطابق 3 ماہ کے اندر کرائیں تا کہ جیتنے والے عہدیدار اپنے عہدے سنبھال سکیں، تحریک انصاف کے چیئرمین و منتخب عہدیداروں سمیت تمام عہدوں پر نگران عہدیدار مقرر کریں، الیکشن کمیشن کے ممبران، ٹیکنیکل کمیٹی سمیت تمام نگران عہدیداروں کو پارٹی انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی ہو گی،اور آخر میں رپورٹ کچھ دلکشی بخشنے کیلئے جہانگیر خان ترین کو پارٹی انتخابات پارٹی آئین اور قواعد کے خلاف کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کرے، سات دن کے اندر ان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات