سندھ ہائیکورٹ نے رحیم یار خان سمیت پنجاب بھر سے اندرون سندھ گندم اور آٹے کی ترسیل پر عائد پابندی ختم کردی

جمعہ 20 مارچ 2015 16:55

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) فلور ملز ایسوسی ایشن رحیم یار خان کی رٹ پٹیشن پر سندھ ہائیکورٹ نے رحیم یار خان سمیت پنجاب بھر سے اندرون سندھ گندم اور آٹے کی ترسیل پر عائد پابندی ختم کردی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 13مارچ کو حکومت سندھ نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے پنجاب سے سندھ میں آٹے اور گندم کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے باعث پنجاب سے بلوچستان جانے والی آٹے اور گندم کی ترسیل بھی معطل ہو گئی تھی جس سے رحیم یار خان سمیت دیگر اضلاع کے فلور ملز کے معاشی بحران میں مبتلا ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے تھے جس پر فلور ملز ایسوسی ایشن رحیم یار خان کے صدر چوہدری عبدالرؤف مختار اور ایگزیکٹو ممبر رئیس محمد اکمل نے سندھ ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے جاری ہونے والا مذکورہ نوٹیفکیشن غیر آئینی ہے اور سندھ ہائیکورٹ تقریباً دو ماہ پہلے بھی حکومت سندھ کے اس طرح کے احکامات کو غیر آئینی قرار دے چکی ہے جس پر سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس مسٹر جسٹس سجاد علی شاہ نے جمعہ کے روز سماعت کے دوران حکومت سندھ کی جانب سے مذکورہ نوٹیفکیشن فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی ۔