میٹرک کے امتحانات میں طلباء کیلئے تین مراحل میں سہولیات مہیا کی جائینگی، ناظم امتحانات

جمعہ 20 مارچ 2015 16:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات نعمان احسن کے اعلامیہ کے مطابق 7 اپریل سے شروع ہونے والے نویں دسویں کے امتحانات کے حوالے سے طلبہ و طالبات کے لئے تین مراحل میں سہولیات بہم پہچانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔پہلے مرحلے میں امتحانات سے 22 دن قبل ٹائم ٹیبل(نظام الاوقات) جاری کردیا گیا ہے اور طلباء کے لئے تیاری کے لئے پرچوں کے درمیان کافی گیپ دیا گیا ہے ۔

جسے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے قابل ستائش قرار دیا ہے ۔دوسرے مرحلے میں میں 21 مارچ سے ایڈمٹ کارڈز کا اجراء کیا جارہا ہے اور31 مارچ سے امتحانی مراکز کی تفصیل جاری کی جائیگی۔ یہ اقدامات اس وجہ سے کئے گئے ہیں کہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا بورڈ ہے جہاں پر 3 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات امتحان میں شرکت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اتنی بڑی کثیر تعداد میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات کو سہولیات بہم پہچانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

تمام اسکولوں کے سربراہان کی ذمہ داری ہے کہ وہ امتحانات سے قبل طلبہ و طالبات کے ایڈمٹ کارڈز دیئے گئے شیڈول کے مطابق بورڈ ہذا سے حاصل کریں ۔ اور طلبہ و طالبات کو ہر گز بورڈ آفس نہ بھیجیں ناظم امتحانات نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ طلبہ و طالبات پُر سکون ماحول میں امتحانات کی تیاری کریں۔اُنہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کی تفصیلات ویب سائٹ پر بھی جار ی کردی جائینگی ۔ جہاں پر طلبہ و طالبات باآسانی اپنے امتحانی مراکز معلو م کرسکتے ہیں۔