کراچی، پاکستان علم و ادب شعور و آگہی اور کار ہائے نمایاں انجام دینے والوں سے لبریز ملک ہے،اظہر عباس ہاشمی

جمعہ 20 مارچ 2015 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) پاکستان علم و ادب شعور و آگہی اور کار ہائے نمایاں انجام دینے والوں سے لبریز ملک ہے اور ساکنان شہر قائد کی جانب سے دنیا بھر میں اپنے ملک اورشہر کا نام روشن کرنے والی شخصیات کی پذیرائی کو اپنا فرض سمجھتے ہیں یہ بات ساکنان شہر قائد کے روح رواں اظہر عباس ہاشمی نے کراچی جیم خانہ میں شہر قائد کی چار محترم شخصیات ڈاکٹر جمیل جالبی‘ ڈاکٹر اسلم فرخی ‘سرجن ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی اور محترمہ سعدیہ راشد کو اعزازات دینے کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ان شخصیات کو نشان سپاس کیساتھ50 ہزار روپے کا چیک بھی ساکنان شہر قائد کی جانب سے پیش کیا گیا‘ ڈاکٹر جمیل جالبی ناساز طبیعت کی وجہ اور سعدیہ راشد اپنی مصروفیات بناء پر تقریب میں نہیں آسکی تھیں ان کے ایوارڈ دوسری شخصیات نے وصول کئے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر اسلم فرخی نے کہا کہ یہ ایک اہم موقع ہے جب ہمارے عہد کے لوگوں کو سراہا جارہا ہے سرجن ادیب الحسن رضوی نے کہا کہ میں آج خود کو خوش قسمت تصور کررہا ہوں اور ایوارڈ دینے پر ساکنان شہر قائد کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘ تقریب میں شریک سابق گورنر سندھ ڈاکٹر معین الدین حیدر نے کہا کہ جن کو ایوارڈ دیا گیا ہے ہم ان کو رول ماڈل سمجھتے ہیں جن کے پیچھے ہم آنکھیں بند کرکے چل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق جسٹس ناصر اسلم زاہد نے کہا کہ یہ وہ شخصیات ہیں جن کی وجہ سے آج ہم زندہ قوم ہیں‘ ہمیں ان پر فخر ہونا چاہئے ان لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کو پہچان عطا کی ہے‘ جسٹس(ر) حاذق الخیری نے کہا کہ ہمارایہ وطیرہ ہے کہ ہم کراچی کے ہیروز کو عزت و توقیر کے ساتھ بلاتے ہیں‘ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ آج یہاں علم و ادب کا ایک امتزاج پایا جاتا ہے پرانی روایتوں کے ساتھ جدید عہد سے مسابقت رکھنے والے لوگ بھی موجود ہیں قبل ازیں ساکنان شہر قائد کے صفوان اللہ نے مہمانوں کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس شہر کے قابل فخر افراد کو نشان فضیلت دینے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اسے جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں اس سے قبل عبدالستار ایدھی اور مشتاق یوسفی کو بھی اعزاز سے نوازا جاچکا ہے‘ تقریب سے جسٹس صلاح الدین مرزا ‘جسٹس اطہر سعید کے علاوہ دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا جبکہ آخر میں ساکنان شہر قائد کے کنوینر محمود احمد خان نے تمام مہمانوں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ساکنان شہر قائد اس شہر میں علم و ادب اور تہذیب و ثقافت کی ترویج کیلئے کام کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :