وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کی فوری تبدیلی کے امکانات کو مسترد کردیا

جمعہ 20 مارچ 2015 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وفاقی حکومت نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی فوری تبدیلی کے امکانات کو مسترد کردیا ہے جبکہ ایم کیو ایم کی قیادت نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لئے بھی وقت مانگ لیا ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ آئندہ ہفتے وزیراعظم نواز شریف سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ہوگی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایک اہم حکومتی شخصیت سے جب گورنر سندھ عشرت العباد کی تبدیلی کی خبروں کے حوالے سے رابطہ قائم کیا گیا تو اس شخصیت کا کہنا تھا کہ فی الحال گورنر سندھ کو تبدیل نہیں کیا جارہا اور وفاقی حکومت سے گورنر سندھ مسلسل رابطے میں ہیں جب بھی کوئی تبدیلی کا فیصلہ ہوگا تو اس حوالے سے وفاقی حکومت مشاورت سے فیصلہ کرے گی۔

دریں اثناء ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم ہاؤس رابطہ کیا ہے اور درخواست کی ہے کہ ایم کیو ایم کا پارلیمانی وفد وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرکے انہیں کراچی کی صورتحال بالخصوص صولت مرزا کے بیان سے پیدا ہونے والے حالات پر اپنا موقف پیش کرنا چاہتا ہے ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے ایم کیو ایم کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :