صیہونی اور یہودی طاقتیں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان میں اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتی ہیں،مولانا عبدالغفور حیدری

جمعہ 20 مارچ 2015 14:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری اور جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما و سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ دنیا کے صیہونی اور یہودی طاقتیں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان میں اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں اور ایک سابق فوجی آمر نے امریکہ کا ساتھ دینے کے لئے اور اپنا اقتدار بچانے کے لئے ایسا ایک یو ٹرن لیا جس کا خمیازہ آج ملک بھر میں دہشت گردی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات فیصل آباد میں تحفظ ناموس رسالت و خدمات مدارس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسلام کے لئے مدارس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ہم اپنی جانیں تو دے سکتے ہیں دین اسلام جو برحق دین ہے اس پر آنچ نہیں آنے دینگے اور اس کے تحفظ کے لئے ہم ہر ممکن کوشش کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہمارے ہزاروں علمائے کرام کو بلاوجہ پکڑ کر جیلوں میں بند کیا جا رہا ہے اور مذہبی طبقے کو ہراساں کر کے دین اسلام کی آبیاری کو روکنا قابل مذمت اقدام ہے جس کو ہم کسی صورت بھی برداشت نہیں کریں گے۔

مولانا عطاء الرحمان نے اس موقع پر کہا مدارس کی طرف میلی انکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دی جائیں گی اور ہم اسلامی ملک میں کسی غیر ملکی طاقتوں کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ اب 21 ویں ترمیم کی آڑ میں ملک بھر میں مدارس کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئیں ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور جس کسی نے بھی مدارس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال دینگے اور جس کی نے ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی تو ہاتھ تور دینگے انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلامی نظام سے ہی امن آئے گا۔

انہوں نے کہا پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور دہشت گرد کے نزدیک کوئی مذہب اور کوئی فرقہ نہیں ہوتا جس کی واضح مثالیں موجود ہیں کہ انہی دہشت گردوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے بعض اکابرین کو بھی اپنا نشانہ بنایا جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان متعدد مرتبہ دہشت گردوں کی طرف سے کئے گئے بم دھماکوں میں بال بال بچے اس کانفرنس سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مولانا محمد امجد خان‘ پنجاب کے امیر ڈاکٹر عتیق الرحمان‘ مولانا محمد اقبال اور ضلعی امیر فیصل آباد سید محمد ذکریا نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :