شہید خالد محمود سومرو کے اصل قاتلوں کی عدم گرفتاری کی خلاف 2 اپریل کو ملین مارچ ہوگا ،جمعیت علماء اسلام سندھ

جمعہ 20 مارچ 2015 14:42

سکرنڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد خالد محمود سومرو نے کہا کہ شہید خالد محمود سومرو کے اصل قاتلوں کی عدم گرفتاری کی خلاف 2 اپریل کو ہتھڑی تھانے حیدرآباد قومی شاہراہ سے حیدر چوک تک ملین مارچ ہوگا جس میں لاکھوں عوام شرکت کریں گے۔ وہ سکرنڈ میں مجلس شوریٰ کے خصوصی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ لاہور بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں تاہم اس کے ردعمل میں 2 انسانوں کو زندہ جلانا انسانیت کی کھلی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے میں شامل جماعتوں کا اتحاد تیزی سے بحال ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں راشد محمود سومرو نے کہا کہ پی پی اور ایم کیوایم کا گٹھ جوڑ ایک سکہ کے دو رخ ہیں، دونوں جماعتیں عالمی ایجنڈے پر کام کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نائن زیرو پر رینجرز کا چھاپہ مثبت قدم ہے، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں بند مدارس کو فوری طور پر کھولا جائے۔ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل میں ملوث اصل ملزمان کو گرفتار کرکے پھانسی پر لٹکایا جائے۔ اس موقع پر عبدالقیوم ہالیجوی، سراج احمد چنا، عبدالرزاق پڑھیار، حافظ حفیظ الرحمن، ایڈوکیٹ کریم بخش رند اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :