کسان بورڈکا کاشتکاروں کی ادائیگی روکنے پرحسین شوگرمل جڑانوالہ کے خلاف کاروائی کامطالبہ

جمعہ 20 مارچ 2015 14:22

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء)کسان بورڈکا کاشتکاروں کی ادائیگی روکنے پرحسین شوگرمل جڑانوالہ کے خلاف ضلعی انتطامیہ سے فوری کاروائی کامطالبہ ،ضلعی صدرمیاں ریحان الحق کی ڈی سی اوفیصل آبادسے ملاقات، کاشتکاروں کی مشکلات اورملزمالکان کو کسانوں کا استحصال کرنے کے خلاف کاروائی اورکسانوں کی ادائیگیاں کروانے کامطالبہ ،ضلعی انتظامیہ کی جلد ہی ادائیگی کروانے کی یقین دہانی، ضلعی صدرمیاں ریحان الحق ایڈووکیٹ نے کہاہے شوگرملزمافیاایک منظم سازش کے تحت گنے کے کاشتکاروں کا استحصال اور کسانوں کامعاشی قتل کررہاہے حسین شوگرمل نے پہلے گنے کے کاشتکاروں کونقدرقم کالالچ دیتے ہوئے حکومتی ریٹ کی بجائے اپنے من پسندریٹ پرگنا خریدا،کاشتکاروں نے نقدپے منٹ ہونے کے لالچ میں خسارہ بھی برداشت کیالیکن اب مل انتظامیہ نے اپنے وعدے سے انحراف کرتے ہوئے ادائیگی مکمل طورپربندکردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ جوسلوک جڑانوالہ شوگرمل مالکان نے روارکھاہواہے وہ کسان دشمنی کے زمرے میں آتاہے جس کے باعث کسان انتہائی پریشانی میں مبتلاہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عدم ادائیگیوں کے باعث دیگرفصلوں پرآنے والے زرعی اخراجات پورے کرناتو درکنارکاشتکاروں کے لئے گھرکاچولہاجلانابھی دشوارہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے میڈیامیں کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے بیانات توآئے روزاخبارات کی زینت بنتے ہیں مگرعملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے کاشتکاروں کا معاشی قتل عام عروج پرپہنچ چکاہے۔