مچھ جیل حکام نے تازہ ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کیلئے درخواست دیدی

جمعہ 20 مارچ 2015 13:00

مچھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کی پھانسی کیلئے مچھ جیل کے حکام نے تازہ ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کیلئے درخواست دے دی ہے۔ بی بی سی کے مطابق اعلی اہلکار نے بتایا کہ نئے ڈیتھ وارنٹ موصول ہونے کی صورت میں صولت مرزا کی سزائے موت پر اگلے ہفتے منگل یا بدھ کے روز عملدرآمد کیا جا سکتا ہے۔صولت مرزا کو جمعرات کی صبح پھانسی دی جانی تھی تاہم ان کی جانب سے ایم کیو ایم اور اس کے رہنما الطاف حسین کے خلاف سنگین الزامات کی ایک وڈیو سامنے آنے کے بعد، پھانسی سے کچھ گھنٹے قبل اس پر عملدرآمد کو بہتر گھنٹے کے لیے موٴخر کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کے اعلیٰ اہلکار نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ صولت مرزا کے واعدہ معاف گواہ بننے پر اس کی سزا تبدیل ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق چونکہ مرزا نے خود اعتراف کیا اور ان کو سزا دہشت گردی کی دفعات کے تحت ہوئی ہے، اس لیے ان کی سزا میں کمی کرنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔اہلکار نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف اور بعد میں پیپلز پارٹی کی حکومتوں کے دوران ایم کیو ایم نے صولت مرزا کو مراعات فراہم کرائیں اور صولت مرزا نے جیل میں دیگر قیدیوں کو یہ بھی بتایا کہ ان کو معافی دلانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

اہلکار کے مطابق جب ان کو معافی نہ مل سکی اور پھانسی ناگزیر ہوگئی تب اس نے ’ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے‘ کی مصداق اپنا بیان ریکارڈ کرانے پر آمادگی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :